ملتان، عمرے کی آڑ میں جنسی استحصال کیلئے انسانی اسمگلنگ، 2 مسافر گرفتار

Calender Icon پیر 10 اگست 2026

ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے ویزے کی آڑ میں جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ ناکام بنا کر خاتون سمیت 2 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق عمرہ ویزے پر سعودی عرب جانے کیلئے پہنچے 2 مسافروں کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک حرکات پر روک کر ان سے پوچھ گچھ کی گئی جس دوان مسافروں سے متعلق کمرشل جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے اہم انکشاف سامنے آیا۔

ترجمان نے بتایا کہ مسافروں کے موبائل فونز، چیٹس اور دیگر ڈیجیٹل مواد کی جانچ کے دوران کمرشل جنسی استحصال سے متعلق مبینہ شواہد سامنے آئے جب کہ دورانِ تفتیش جنسی استحصال کے منظم نیٹ ورک سے متعلق اہم تفصیلات حاصل کرلی گئیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایجنٹ نے عمرہ ویزے کی آڑ میں مسافروں کو سعودی عرب بھجوانے کے انتظامات کیے، مسافروں کو سعودی عرب میں کمرشل جنسی استحصال کا نشانہ بنانے کا مبینہ منصوبہ تھا، مسافروں کے زیر استعمال موبائل فونز اور دیگر متعلقہ مواد کو مزید تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیا گیا جب کہ دونوں مسافروں کو موبائل فونز اور دیگر شواہد کے ساتھ ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:الائیڈ بینک کی ڈیجیٹل بینکنگ اور اے ٹی ایم سروسز بند‘صارفین شدید پریشان

ترجمان کا کہنا ہےکہ کمرشل جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث دیگر عناصر کی شناخت کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، منظم نیٹ ورک میں ملوث تمام عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔