ای سی سی نے پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری دیدی

Calender Icon جمعہ 14 اگست 2026

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن بڑھانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں کمیٹی نے پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن1 روپے 34 پیسے فی لیٹر بڑھانے کی منظوری دے دی۔

حکومت کی جانب سے منظوری کے بعد پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 8 روپے 64 پیسے سے بڑھ کر 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔

ڈیلرز مارجن میں اضافے کے فیصلے پر آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن نے بھی خیرمقدم کیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان بٹ نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم اور وزیر پیٹرولیم کا شکریہ ادا کیا۔

نعمان بٹ کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافہ کرکے حکومت نے پیٹرول پمپ مالکان کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا ہے۔

انہوں نے حکومت کے فیصلے کو پیٹرولیم ڈیلرز کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔