14 سال بعد اسلام آباد کے تھانوں کو نئی گاڑیاں مل گئیں، ہزاروں بھرتیوں کا اعلان

Calender Icon ہفتہ 15 اگست 2026

وفاقی دارالحکومت(islamabad) کے 27 تھانوں کو 14 سال بعد 30 نئی گاڑیاں فراہم کردی گئیں ہیں جب کہ ہزاروں کی تعداد میں نئی بھرتیوں کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس کے تھانوں کو نئی گاڑیاں دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے نئی گاڑیوں کی چابیاں اسلام آباد پولیس کے حوالے کیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ناکارہ گاڑیوں کے ساتھ جدید پولیسنگ کا تصور ناممکن ہے۔ وقت کے مطابق پولیس ضروریات پوری کرکے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی گاڑیوں سے پولیس کا رسپانس ٹائم بہتر ہوگا ۔ عوام کی حفاظت و سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جارہے ہیں۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ وسائل کی فراہمی سے پولیس اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز سے ادا کرسکے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے تمام تھانوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن پر بھی کام جاری ہے، جسے جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال ماحول دوست پالیسی کا حصہ ہے اور ان کے استعمال سے پٹرولیم اخراجات میں نمایاں کمی ہوگی۔

وزیر مملکت طلال چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ وزیر داخلہ نے آج نئی گاڑیاں اسلام آباد کے تمام 27 تھانوں کے حوالے کردی ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے پاس 14 سال سے پرانی گاڑیاں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران کو بھی لاجسٹکس فراہم کیے جارہے ہیں اور ان کے لیے گھروں کی تعمیر کی جارہی ہے۔

مزیدپڑھیں:لاہور میں تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی، 5 افراد جاں بحق

انہوں نے مزید کہا کہ تمام 27 تھانوں کی تعمیر اور بحالی پر بھی کام جاری ہے اور اسی سال تمام تھانوں پر تعمیراتی کام مکمل کیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے بتایا کہ نفری کی کمی پوری کرنے کے لیے 9 ہزار نئے جوان بھرتی کیے جارہے ہیں اور بھرتیوں میں میرٹ یقینی بنایا جارہا ہے۔

طلال چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ان تمام اقدامات سے اسلام آباد پولیس کو پورے ملک کے لیے ماڈل بنایا جائے گا۔ یہ ساری تبدیلی گزشتہ دو سال میں آئی ہے۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد پولیس اور اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے۔