میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے آئرلینڈ (Ireland)میں ایک تاریخی محل خرید لیا ہے، جس کے ساتھ سینکڑوں ایکڑ پر مشتمل وسیع اراضی بھی شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق زکربرگ نے 19ویں صدی کے Strancally Castle کو تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے ساڑھے 3 کروڑ ڈالر کے درمیان رقم میں خریدا ہے۔ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم تقریباً 6 ارب 38 کروڑ سے 9 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔
محل کے ساتھ تقریباً 440 ایکڑ زمین بھی موجود ہے۔
میٹا کے ایک ترجمان کے مطابق مارک زکربرگ اور ان کا خاندان اس تاریخی جائیداد کی دیکھ بھال جاری رکھیں گے اور آئرلینڈ میں وقت گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جہاں میٹا کا بین الاقوامی ہیڈکوارٹر بھی واقع ہے۔
دریا کے کنارے واقع یہ شاندار محل سرسبز و شاداب ماحول میں گھرا ہوا ہے۔ 2001 کی ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق محل میں کم از کم 11 بیڈ رومز، ٹاورز میں واقع چار کمرے، ایک لائبریری، ڈائننگ روم اور ڈرائنگ روم موجود ہیں۔
مزیدپڑھیں:گھنٹوں فون اور لیپ ٹاپ دیکھنا ریڑھ کی ہڈی کو کیسے نقصان پہنچا رہا ہے؟
زکربرگ نے یہ جائیداد ایک سرمایہ کار سے خریدی، جو گزشتہ 25 برس سے اپنے خاندان کے ہمراہ یہاں رہائش پذیر تھا۔
میٹا کا بین الاقوامی ہیڈکوارٹر آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں قائم ہے۔ کمپنی نے 2017 میں وہاں 31 ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر مشتمل ایک ڈیٹا سینٹر بھی قائم کیا تھا، جو زکربرگ کی نئی جائیداد سے تقریباً 20 منٹ کی مسافت پر بتایا جاتا ہے۔
یہ رواں سال زکربرگ کی جانب سے بڑی جائیداد کی خریداری کا پہلا واقعہ نہیں۔ اس سے قبل وہ امریکی شہر میامی میں بھی تقریباً 17 کروڑ ڈالر مالیت کا گھر خرید چکے ہیں۔













ہفتہ 22 اگست 2026 

