اسلام آباد: دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے 21 سابق بین الاقوامی کرکٹ کپتانوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک بار پھر خط لکھ کر سابق وزیراعظم اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سابق کپتانوں نے اپنے خط میں سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق عمران خان کے طبی معائنے اور علاج کے انتظامات یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ عدالت نے عمران خان کو اسپتال منتقل کرکے ایسے میڈیکل بورڈ سے معائنہ کرانے کی ہدایت کی تھی جس میں ان کے ذاتی معالجین اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی شامل ہوں، تاہم اسپتال میں قیام چند گھنٹوں تک محدود رہا۔
خط میں کہا گیا کہ عمران خان کا سرکاری طور پر مقرر کردہ طبی ٹیم نے معائنہ کرکے انہیں طبی طور پر فٹ قرار دیا اور میڈیکل بورڈ کی کارروائی مکمل ہونے سے قبل انہیں اڈیالہ جیل واپس منتقل کردیا گیا۔
سابق کپتانوں نے وزیراعظم سے **تین اہم مطالبات** کیے ہیں۔ ان میں سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق آزاد اور مکمل طبی معائنے کی اجازت، عدالتی حکم کے تحت ہفتہ وار خاندانی ملاقاتوں کا بلا تعطل انعقاد اور طبی معائنے کی سفارشات کے مطابق فوری علاج کی فراہمی شامل ہے۔
خط لکھنے والے سابق کھلاڑیوں نے واضح کیا کہ وہ پاکستان کے داخلی سیاسی یا قانونی معاملات میں فریق بننے کے خواہاں نہیں بلکہ کرکٹ کے میدان میں سابق ساتھی اور حریف کی حیثیت سے عمران خان کی صحت کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
یہ سابق بین الاقوامی کپتانوں کی جانب سے وزیراعظم کو **چھ ماہ کے دوران دوسری اپیل** ہے۔ رواں سال فروری میں بھی 14 سابق کپتانوں نے عمران خان کی صحت، بالخصوص آنکھ کے مبینہ مسئلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بہتر طبی علاج کا مطالبہ کیا تھا۔
مزید پڑھیں:انسانی روبوٹ کی آٹا گوندھنے کی ویڈیو وائرل، غیر ملکی میڈیا رپورٹس
خط پر دستخط کرنے والوں میں گریگ چیپل، ایان چیپل، ایلن بارڈر، سنیل گواسکر، ڈیوڈ گاور، کلائیو لائیڈ، ارجنا رانا تنگا، اسٹیو وا اور جان رائٹ سمیت دیگر معروف سابق کپتان شامل ہیں۔دوسری جانب پاکستانی حکومت عمران خان سے متعلق جیل میں مبینہ خراب حالات اور دیگر الزامات کی تردید کرتی رہی ہے۔













اتوار 23 اگست 2026 

