پنجاب بہتر زرعی پیداوار کے لیے چین کے آزمودہ بیجوں سے بھی استفادہ کرنا چاہتا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب
مریم نواز کے دورۂ چین کے دوران سنکیانگ کے پارٹی سیکرٹری چن شیاو جیانگ سے ملاقات ہوئی، جس میں زراعت، آبپاشی، لائیو اسٹاک، صنعت، معدنیات اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
سنکیانگ کے پارٹی سیکرٹری چن شیاو جیانگ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پرتپاک خیرمقدم کیا، جس پر وزیراعلیٰ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں زرعی شعبے کی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دی گئی، دونوں جانب سے جدید ایریل وہیکلز، واٹر لیولنگ اور ڈیجیٹل کراپ مانیٹرنگ سمیت جدید زرعی طریقے اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔
مریم نواز نے زرعی مشینری، جدید آبپاشی نظام اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بہتر زرعی پیداوار کے لیے چین کے آزمودہ بیجوں سے بھی استفادہ کرنا چاہتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب زرعی پیداوار کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور گندم، مکئی، گنے اور چاول کی ملکی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، پنجاب کارپوریٹ فارمنگ کے شعبے میں سنکیانگ کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب چین کے ساتھ زراعت، صنعت، معدنیات اور نئی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانا چاہتا ہے۔
مزید پڑھیں:پی سی بی کو فاسٹ بولنگ کے شعبے میں ایک نیا شعیب اختر مل گیا
ملاقات میں پنجاب اور چین کے درمیان وفود کے تبادلوں اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا جبکہ ترقی، علاقائی استحکام اور چین کی بین الاقوامی حکمت عملی کے تحت باہمی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز چار روزہ دورے پر چین گئی ہیں۔













منگل 25 اگست 2026 

