خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پوری انسانیت کیلیے رحمت بن کر تشریف لائے، محسن نقوی

Calender Icon بدھ 26 اگست 2026

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی(Mohsin naqvi) نے عید میلاد النبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر کہا ہے کہ سید الانبیاء، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔
محسن نقوی نے اپنے پیغام میں میں پوری قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سیرتِ طیبہ ﷺ کو عملی زندگی کا حصہ بنانے پر زور دیا ہے، آپ ﷺ کی ولادت باسعادت پر دنیا نے نور کا چہرہ دیکھا، ظلمت نے شکست کھائی اور انسانیت نے عدل و رحم کا حقیقی مفہوم پایا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ صادق و امین کی حیثیت سے نبی کریم ﷺ نے مکہ کی بے رحم فضاؤں میں دیانت اور ایمانداری کا چراغ روشن کیا، جبکہ آپ ﷺ کی بعثت نے جاہلیت کے ہر بت کو پاش پاش کرکے انسانیت کو حق، سچ اور حکمت کا راستہ دکھایا۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے محبت، اخوت، رواداری اور انسانیت کا درس دیا اور کمزوروں، یتیموں اور محتاجوں کے حقوق کا خصوصی خیال رکھنے کی تلقین فرمائی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسوۂ حسنہ ﷺ تمام مسلمانوں کی دینی و دنیاوی اصلاح و فلاح کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ دورِ حاضر کے تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں سیرتِ طیبہ ﷺ پر حقیقی معنوں میں عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

مزیدپڑھیں:اسلام آباد کے پمز اسپتال کی نرسری میں آگ لگنے سے 15 نومولود جاں بحق

انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں بدامنی، انتشار اور خلفشار کا خاتمہ صرف اسوۂ حسنہ ﷺ پر عمل پیرا ہوکر ہی ممکن ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس مبارک ترین دن ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ سیرتِ طیبہ ﷺ کو اپنے کردار، انفرادی رویوں اور اجتماعی طرزِ عمل میں اختیار کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔