کوئٹہ :اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی کابینہ کے اراکین، اور حکومتی و اپوزیشن اراکین سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، بلوچستان کی ترقی، عوامی مسائل اور صوبے میں جمہوری و پارلیمانی روایات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اسپیکر قومی اسمبلی کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جمہوری روایات، باہمی احترام اور سیاسی برداشت کی مثبت روایت قائم ہے۔ اختلافِ رائے جمہوریت کا بنیادی حسن ہے اور سیاسی اختلافات کو احترام کے دائرے میں رکھنا بلوچستان کے مثبت کلچر کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواداری اور باہمی احترام کی یہ روایت مستقبل میں بھی برقرار رہے گی۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان سے اپنے جذباتی و خاندانی تعلق کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس صوبے سے ان کے خاندان کی تین نسلوں کی محبت وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم ترین صوبہ ہے اور یہاں کی ترقی درحقیقت پورے ملک کی ترقی ہے۔ وفاق صوبے کی خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے قومی اسمبلی کے پلیٹ فارم سے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
ملاقات کے اختتام پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور اسپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کی فلاح و بہبود اور جمہوری اقدار کے استحکام کے لیے سیاسی قیادت کے درمیان باہمی مشاورت، تعاون اور احترام کے سلسلے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔













بدھ 2 ستمبر 2026 

