اسلام آباد: ایم نیوز کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم یوٹیوب پر کرائے گئے ایک باضابطہ اور وسیع سروے میں پاکستانیوں کی نمایاں اکثریت نے ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل کی حمایت کر دی ہے۔
ایم نیوز کی جانب سے کرائے گئے سروے کے نتائج کے مطابق 76 فیصد شہریوں نے نئے صوبوں کے حق میں رائے دی، جبکہ 24 فیصد افراد نے اس کی مخالفت کی۔

ایم نیوزسروے کے دوران پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے نئے صوبوں کے قیام کو انتظامی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے انتہائی ضروری سمجھا۔ عوامی حلقوں کے ساتھ ساتھ وفاقی وزرا اور مختلف سیاسی رہنما بھی نئے انتظامی یونٹس بنانے کے حامی نظر آتے ہیں۔ وفاقی وزرا علیم خان، محسن نقوی اور مصطفیٰ کمال سمیت متعدد اہم سیاسی شخصیات کی جانب سے نئے صوبوں کی مسلسل حمایت کی جا چکی ہے۔

نئے صوبوں کی حمایت کرنے والے شہریوں نے پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام ایک انتہائی مثبت قدم ثابت ہو گا جس سے عوام کے بنیادی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے، پسماندہ علاقوں کو ترقی کے بہتر اور مساوی مواقع ملیں گے اور حکومت کا انتظامی نظام بہتر ہو گا۔ دیگر شہریوں کا کہنا تھا کہ انتظامی امور میں آسانی کے لیے نیا جغرافیائی فریم ورک لازمی ہونا چاہیے۔ اس کے مقابلے میں 24 فیصد مخالف شہریوں کا موقف تھا کہ فی الوقت نئے صوبے نہیں بننے چاہئیں۔

تجزیہ کاروں اور حامی حلقوں کا ماننا ہے کہ نئے صوبوں سے مالی وسائل کی منصفانہ تقسیم، بہتر حکمرانی اور بنیادی سہولیات کی تیز رفتار فراہمی میں مدد ملے گی۔ دوسری جانب مخالفت کرنے والے سیاسی، انتظامی اور مالی پیچیدگیوں کو بنیاد بنا کر اس اقدام پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہیں۔













بدھ 2 ستمبر 2026 

