سکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کارروائیاں، 72 گھنٹوں میں 48 دہشتگرد ہلاک

Calender Icon جمعہ 4 ستمبر 2026

کوئٹہ: بلوچستان میں فتنتہ الہندوستان اور فتنتہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی انسدادِ دہشتگردی کارروائیاں جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں کی گئی کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسیز، فتنتہ الہندوستان اور فتنتہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 36 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق 4 ستمبر کو مستونگ میں کیے گئے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 6 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والا گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات موقع پر ہی تباہ کر دیے گئے۔

ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں بھی ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران فتنتہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا اور 26 خوارج ہلاک ہوئے۔

قلات میں کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا، جس میں 2 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔

دوسری جانب ضلع سبی کے علاقے بھاگ میں سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 2 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں بھارتی پراکسیز، فتنتہ الہندوستان اور فتنتہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 48 دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال بلوچستان میں مختلف آپریشنز کے دوران اب تک 1188 سے زائد دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیاں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔