سرٹیفکیٹ لینے کیلیے اب نادرا دفتر جانے کی ضرورت نہیں

Calender Icon اتوار 13 ستمبر 2026

 ملک بھر کے شہری اب پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کے سرٹیفکیٹ اب گھر بیٹھے حاصل کریں، انہیں اس کام کیلیے نادرا دفتر جانے کی ضرورت نہیں۔

نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (NADRA) نے شہریوں کے لیے نئی سہولت متعارف کرا دی، اب پیدائش، وفات، شادی اور طلاق سے متعلق سرٹیفکیٹس کے حصول کا عمل مزید آسان بنادیا گیا ہے۔

نادرا حکام نے شہریوں کو مطلع کیا ہے کہ اب وہ اپنی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے اس سہولت سے مستفید ہوسکتے ہیں۔

نادرا کے مطابق متعلقہ یونین کونسل سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ کی ڈپلیکیٹ کاپی اب پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہے۔

اس اقدام کا مقصد شہریوں کو سرٹیفکیٹس کے حصول کے لیے نادرا دفتر کے غیر ضروری چکروں سے بچانا اور خدمات تک رسائی آسان بنانا ہے۔

مزیدپڑھیں:پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کی سہولت کن پنشنرز کے لیے دستیاب ہے؟

نادرا حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی شہری کا سرٹیفکیٹ متعلقہ یونین کونسل سے پہلے جاری ہوچکا ہے اور اسے دوبارہ حاصل کرنا مقصود ہے تو شہری متعلقہ یونین کونسل سے رجوع کرکے بھی سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

حکام کے مطابق پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرانے کی سہولت سندھ اور پنجاب کی تمام یونین کونسلز، اسلام آباد، خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع جبکہ بلوچستان کے منتخب اضلاع میں دستیاب ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پیدائش، وفات، شادی یا طلاق سے متعلق سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے دستیاب پاک آئی ڈی موبائل ایپ کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے نادرا کی ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔