وزیراعظم کی فیول سبسڈی کیلئے سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت

Calender Icon بدھ 16 ستمبر 2026

 وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیول سبسڈی کے آسان حصول اور رجسٹریشن کے عمل میں عوام کی رہنمائی کیلئے سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیول سبسڈی کے آسان حصول کیلئے سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو فیول سبسڈی اسکیم پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، جبکہ وزیراعظم نے عوام کو سبسڈی کے حصول میں آسانی فراہم کرنے اور رجسٹریشن کے عمل میں ہر ممکن رہنمائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو سبسڈی کے حصول میں کسی مشکل کا سامنا نہ ہو اور اس مقصد کیلئے انتظامیہ، رضاکاروں اور پیٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کیے جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سہولت ڈیسک پر موجود افراد اسکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کریں اور انہیں رجسٹریشن سمیت دیگر ضروری مراحل مکمل کرنے میں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔

عوامی آگاہی کیلئے متحرک رہنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فیول سبسڈی اسکیم سے متعلق عوام میں آگاہی کیلئے بھرپور اقدامات کیے جائیں اور شہریوں کو اسکیم کے طریقہ کار، اہلیت اور رجسٹریشن سے متعلق معلومات آسان انداز میں فراہم کی جائیں۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں اسکیم کے پائلٹ منصوبے کے افتتاح کے بعد اب پورے ملک، بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی فیول سبسڈی اسکیم کا افتتاح کیا جاچکا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسکیم کو عوام کیلئے انتہائی آسان اور قابل فہم بنایا گیا ہے جبکہ رجسٹریشن کیلئے صرف چار بنیادی معلومات درکار ہیں۔

ان معلومات میں شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ شامل ہیں۔

رجسٹریشن میں بتدریج اضافہ

اجلاس کو بتایا گیا کہ فیول سبسڈی اسکیم کے تحت کامیاب رجسٹریشنز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جبکہ اسکیم کو ملک گیر سطح پر نافذ کرنے کیلئے صوبائی حکومتیں بھرپور تعاون کررہی ہیں۔

حکام نے بتایا کہ اسکیم سے متعلق مکمل تفصیلات [www.pmfuelrelief.pk](http://www.pmfuelrelief.pk) پر دستیاب ہیں۔

پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کا پس منظر

پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کا مقصد خلیج میں جاری کشیدگی اور اس کے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متاثر ہونے والے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔

اسکیم میں خاص طور پر روزمرہ آمدورفت کیلئے موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے افراد کو شامل کیا گیا ہے۔

حکومت نے پہلے اسلام آباد میں اس اسکیم کا پائلٹ مرحلہ شروع کیا، جس کے بعد اسے ملک کے دیگر علاقوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک توسیع دی گئی ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔