این سی سی آئی اے کی طلبی، محمد رضوان نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

Calender Icon جمعرات 17 ستمبر 2026

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے طلب کیے جانے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

محمد رضوان نے اپنی درخواست میں این سی سی آئی اے کے دائرہ اختیار اور جاری تحقیقات کی نوعیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے عدالت سے درخواست کی ہے کہ کیس کے حتمی فیصلے تک این سی سی آئی اے کی کارروائی روکنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں محمد رضوان نے مؤقف اختیار کیا کہ این سی سی آئی اے کی جانب سے طلبی کے نوٹس میں ان پر کسی مخصوص الزام کی وضاحت نہیں کی گئی، جبکہ نوٹس کے مطابق آن لائن بیٹنگ اور جوئے سے متعلق انکوائری جاری ہے۔

مزیدپڑھیں:ہفتے میں 3 دن اسکول بند رکھنے کی تجویز سے اتفاق نہیں کرتا، رانا سکندر حیات

محمد رضوان کا کہنا ہے کہ پیشی کے دوران ان سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ وہ کس آن لائن سٹے بازی یا جوئے میں ملوث رہے ہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے بار بار غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق الزامات کی تفصیلات جاننے کی کوشش کی، تاہم ان کے سوالات کا جواب نہیں دیا گیا۔

درخواست میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ این سی سی آئی اے کسی نامعلوم الزام کی بنیاد پر تحقیقات کیسے جاری رکھ سکتی ہے۔ محمد رضوان نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک این سی سی آئی اے کی کارروائی روکنے کا حکم دیا جائے۔

واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے محمد رضوان اور قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی امام الحق کو سوالنامہ جاری کرتے ہوئے 15 ستمبر تک جوابات جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔ امام الحق سوالنامے کے جوابات جمع کرا چکے ہیں۔

محمد رضوان اور امام الحق کو دورہ انگلینڈ سے وطن واپس بلائے جانے کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔