وزیراعظم محمد شہباز شریف (Shehbaz Sharif) نے خیبر پختونخوا کے اضلاع ہنگو اور شمالی وزیرستان میں ہندوستان کے حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں کے دوران 10 خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے 18 ستمبر 2026 کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 6 جوانوں کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شہید ہونے والے جوانوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع، امن اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں۔
مزیدپڑھیں:خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 17 دہشت گرد ہلاک
انہوں نے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور ان کی بہادری کو سراہتے ہوئے ملک کے امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے جاری اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا۔













جمعہ 18 ستمبر 2026 

