فیکٹ چیک: AI سے تیار آڈیو میں خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کے ٹی ٹی پی کو ’بھائی‘ کہنے کا دعویٰ جھوٹا ہے

Calender Icon بدھ 7 اکتوبر 2026

متعدد آن لائن اکاؤنٹس ایک ویڈیو کلپ شیئر کر رہے ہیں، جس میں مبینہ طور پر خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو تحریک طالبان پاکستان (TTP)، جسے فتنہ الخوارج بھی کہا جاتا ہے، کے ارکان کو اپنا ’بھائی‘ کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ دعویٰ جھوٹا ہے۔ سہیل آفریدی نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔

دعویٰ
5 اکتوبر کو صارف نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی کوہاٹ میں ایک ریلی سے خطاب کی 33 سیکنڈز پر مشتمل ویڈیو کلپ شیئر کی۔

کلپ میں سہیل آفریدی کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے: ’’میرے پختونوں، یہ ریاست پر موجود مائنڈ سیٹ آپ کے ساتھ جو سلوک کررہا ہے، یہ آپ کے بھائیوں کو آپ کے خلاف کررہا ہے، آپ کے بھائی آپ کی آزادی کےلئے آتے ہیں، لیکن یہ ان پر ڈرون مارتے ہیں، آپ کے بھائی آپ کی مدد کرنے آتے ہیں، یہ بند کمروں میں فیصلے کرنے والے جو آپ کے بھائیوں کے خلاف آپریشن لانچ کرتے ہیں، یہ ہمارے بھائیوں کو خوارج جیسے نام دیتے ہیں۔‘‘

صارف نے ویڈیو کے ساتھ کیپشن لکھا: ’’سہیل آفریدی نے ٹی ٹی پی کو اپنا بھائی قرار دیا ہے، پی ٹی آئی پر افسوس، صوبائی حکومت پر افسوس اور ایسے لوگوں پر افسوس۔‘‘

اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے کے وقت تک پوسٹ کو 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا، 1 ہزار بارلائک جبکہ 503 دفعہ ری شیئر کیا گیا۔


حقیقت

سہیل آفریدی نے فتنہ الخوارج کے حوالے سے یہ بیان نہیں دیا۔ وائرل کلپ میں شامل آڈیو مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تیار کرکے وزیراعلیٰ کی اصل ویڈیو میں شامل کی گئی۔

یہ ویڈیو دراصل سہیل آفریدی کے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں 1:23 منٹ کے حصے سے مطابقت رکھتی ہے۔ ان کے ہاتھوں اور اردگرد موجود لوگوں کی حرکات کا موازنہ کرکے ان کی تقریر کے اسی حصے کی شناخت کی گئی۔

مزید پڑھیں:سعودی عرب نے 22 سال بعد گلف کپ کا ٹائٹل جیت لیا

اصل ریکارڈنگ میں سہیل آفریدی کو ٹی ٹی پی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے یہ کہتے سنا جا سکتا ہے: ’’جب اس کا پلان بنایا جارہا تھا، تو سڑکوں پر تھے، ہم نے کہا تھا کہ ان کو [ٹی ٹی پی] کو دوبارہ آباد نہ کریں، یہ پالیسی آپ کی غلط ہے، ایک دفعہ پھر خیبر پختونخوا لہولہان ہوگا، ایک دفعہ پھر ہمارے پختونوں کا خون بہے گا، ایک دفعہ پھر ہم بے گھر ہوں گے، ایک دفعہ پھر ملٹری آپریشنز کے بہانے بنائے جائیں گے، ہم پر ڈرون اٹیکس کئے جائیں گے، ہمارا کاروبار تباہ ہوگا، ہمارے معصوم شہری شہید ہوں گے، ہمارے پولیس نوجوان شہید ہوں گے، ہمارے فوجی جوان شہید ہوں گے۔‘‘

تقریر یہاں دیکھی جا سکتی ہے:

مزید یہ کہ جیو فیکٹ چیک نے وائرل کلپ کی آڈیو کا تجزیہ ڈیپ فیک آوازوں کی شناخت کرنے والے ٹول ’’Hiya‘‘ کے ذریعے کیا۔ اس ٹول نے ریکارڈنگ کو 100 میں سے 20 کا اسکور دیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آڈیو کے مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

آڈیو کا تجزیہ یونیورسٹی ایٹ بفیلو کی جانب سے تیار کردہ ڈیپ فیک شناخت کرنے والے ٹول ’’DeepFake-o-Meter‘‘ کے ذریعے بھی کیا گیا۔ اس کے مختلف ڈیٹیکشن ماڈلز نے آڈیو کے مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کیے جانے کا ’’زیادہ‘‘ امکان ظاہر کیا۔

فیصلہ: وائرل ویڈیو جعلی طور پر تیار کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ٹی ٹی پی کے عسکریت پسندوں کو اپنا ’’بھائی‘‘ قرار نہیں دیا اور نہ ہی ان سے منسوب بیان دیا۔ مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ آڈیو آفریدی کی 5 اکتوبر کو کوہاٹ میں کی گئی تقریر کی اصل ویڈیو میں شامل کی گئی۔