100 میگاواٹ شمسی توانائی پیدا کرنے کا منصوبہ کیا ہے؟

Calender Icon جمعرات 29 اکتوبر 2026

گلگت بلتستان (Gilgit Baltistan)میں بجلی کی فراہمی بہتر بنانے اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلیے پی ایس ڈی پی کی معاونت سے 100 میگاواٹ کا شمسی توانائی منصوبہ پاور ڈویژن کے تحت آگے بڑھایا جا رہا ہے، جس میں 82 میگاواٹ کے بڑے سولر تنصیبات، 499 سرکاری عمارتوں پر مجموعی طور پر 18 میگاواٹ کے سولر سسٹمز اور بیٹری انرجی اسٹوریج کی سہولت شامل ہے۔

اے پی پی کے مطابق پلاننگ کمیشن نے بتایا کہ منصوبے کے ابتدائی مراحل مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ بڑے سولر تنصیبات کیلیے چار مقامات بھی متعین کیے جا چکے ہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیرِ صدارت وزیر اعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی گلگت بلتستان کے ترقیاتی امور کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ علاقے میں ترقیاتی عمل تیز کرنے کیلیے قابل عمل سفارشات مرتب کی جا سکیں۔

مزیدپڑھیں:ایپل نے اپنا پہلا ٹچ اسکرین میک بک متعارف کرادیا، قیمت کیا ہے؟

منصوبے میں شمسی توانائی کی پیداوار کے ساتھ بیٹری انرجی اسٹوریج کی سہولت بھی شامل ہے، جس کا مقصد بجلی کی فراہمی کو بہتر بنانا اور علاقے کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں مدد دینا ہے۔

یہ منصوبہ گلگت بلتستان میں قابل تجدید توانائی کے فروغ، سرکاری عمارتوں میں شمسی توانائی کے استعمال اور علاقے کی معاشی و سماجی ترقی کیلیے معاون ثابت ہوگا۔