لکی مروت؛ فتنۃ الخوارج کیخلاف مشترکہ کریک ڈائون، مغوی رہا، 2 دہشتگرد ہلاک

Calender Icon جمعرات 12 نومبر 2026

خیرو خیل پکہ میں ایک چرواہے کے اغوا کی اطلاع پر پولیس، سی ٹی ڈی، مقامی کمیٹیوں اور اے پی سیز نے مشترکہ کارروائی کی

پشاور کے علاقے غزنی خیل کی حدود خیرو خیل پکہ میں ایک چرواہے کو فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے اغوا کرکے پہاڑی علاقے کی طرف لے جانے کی اطلاع پر پولیس، سی ٹی ڈی اور مقامی امن کمیٹیوں نے فوری کاروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا تعاقب کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ڈی پی او لکی مروت سجاد احمد صاحبزادہ کی قیادت مقامی پولیس، سی ٹی ڈی، مقامی امن کمیٹیوں اوراے پی سیز نے مشترکہ طور پر کارروائی میں حصہ لیا، تعاقب کے دوران پولیس اور سی ٹی ڈی کا دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہیواد اور سہیل سکنہ خیرو خیل ہلاک ہوگئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں خیرو خیل پکہ کا ایک شہری بھی زخمی ہوگیا، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ پولیس نے ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں تحویل میں لے کر ضروری کارروائی شروع کردی ہے، علاقے میں دہشت گردوں کے ممکنہ ٹھکانوں اور دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

مزید پڑھیں:معدنی شعبہ پاکستانی معیشت کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، محمد اورنگزیب

ڈی پی او لکی مروت سجاد احمد صاحبزادہ کا کہنا تھا کہ لکی مروت پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔