سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر چیڈ سئیرز(Chad Sayers) نے سینڈ پیپر کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
فاسٹ بولر چیڈ سئیرز 2018 کے دورۂ جنوبی افریقہ میں اسکواڈ کا حصہ تھے، انہوں نے دورے میں اپنے کیریئر کا واحد ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔
چیڈ سئیرز نے سیریز کے دوران بال ٹیمپرنگ کے لیے سینڈ پیپر استعمال کی حقیقت بیان کر دی۔
آسٹریلیا اور انگلینڈ ون ڈے سیریز کی کمنٹری کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیڈ سئیرز نے کہا ہے کہ مجھے کہنے میں کوئی جھجک نہیں، مجھے اور ساتھیوں کو سینڈ پیپر کے استعمال کا علم تھا، سب کو علم تھا کہ کیا ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینڈ پیپر کا 2 ٹیسٹ میچز میں استعمال ہوا تھا، چینج رومز میں اس پر گفتگو بھی ہوتی تھی، میں کسی کی طرف داری نہیں کر رہا یہ میری ماضی کی یادیں ہیں کہ تب کیا ہوا۔
چیڈ سئیرز کا کہنا ہے کہ کیپ ٹاؤن میں سب کچھ ہونے کے بعد گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ بات چیت ہوئی کہ آگے اب کیا ہونا ہے، حقیقت یہ ہے کہ ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ آسٹریلیا میں اس کو کتنی سنجیدگی سے لیا جائے گا۔
مزیدپڑھیں:عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ میں بڑے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ جو ہو رہا تھا وہ سب کے علم میں تھا، سینڈ پیپر کے حوالے سے پلان کا سب کو علم تھا، ڈیوڈ وارنر کے حوالے سینڈ پیپر کیا گیا، پھر بین کرافٹ کے حوالے ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں فیلڈنگ کے لیے جاتا، ایک مرتبہ جب پانی کے وقفے میں گیا تو پھر سینڈ پیپر مجھے دیا گیا کہ میں لے جاؤں، میں سینڈ پیپر بال ٹیمپرنگ کی تحقیقات کا حصہ نہیں تھا۔
واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں انکشاف کیا کہ بال ٹیمپرنگ کا سب کو علم تھا۔
فاسٹ بولرز پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک نے عثمان خواجہ کے دعوے کو مسترد کیا جبکہ ڈیوڈ وارنر نے عثمان خواجہ کے دعوے کو درست قرار دیا تھا۔












اتوار 15 نومبر 2026 