چنیوٹ: وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ حکومتیں اور سیاسی جماعتیں نئے صوبے بنانے میں دلچسپی نہیں رکھتیں، تاہم نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے۔ ضرورت پڑنے پر ریفرنڈم کرایا جائے تو عوام کی رائے واضح ہو جائے گی کہ وہ نئے صوبے چاہتے ہیں۔
پنجاب آبادی کے لحاظ سے دنیا کا تیرہواں بڑا ملک بن چکا ہے، ایک وزیراعلیٰ کے اختیار میں پورے صوبے کے وسائل ہونا مناسب نہیں، ہر ضلع کو یکساں وسائل ملنے چاہئیں۔فاسٹ یونیورسٹی چنیوٹ کے کانووکیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں بھی جمہوریت کا فقدان ہے اور ایک یا دو افراد تمام اختیارات اپنے ہاتھ میں رکھتے ہیں۔
موجودہ نظام عوام کو فائدہ پہنچانے میں ناکام رہا ہے اور اس سے زیادہ تر حکمران اور امرا مستفید ہو رہے ہیں۔ پاکستان کو ایسے نظام کی ضرورت ہے جو عام آدمی کی زندگی بہتر بنا سکے۔
کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا واحد راستہ تعلیم ہے۔ دنیا میں جن ممالک نے ترقی کی، انہوں نے تعلیم اور انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کی۔ چین کی معاشی ترقی بھی اسی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ان کا مستقبل محفوظ اور روشن ہے، مایوسی کے بجائے انہیں ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ عالمی اداروں کی پیش گوئیوں کے مطابق پاکستان آئندہ 20 برس میں جی 20 کا رکن بن سکتا ہے اور معاشی طور پر اہم مقام حاصل کرے گا۔
موجودہ حکومت پاکستان کی جغرافیائی اور سفارتی حیثیت کو معاشی مواقع میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ بیرون ملک جانے کے بجائے پاکستان میں اپنا مستقبل بنائیں اور ملک کی ترقی میں حصہ ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ چنیوٹ میں فاسٹ یونیورسٹی کا قیام ان کا خواب تھا، جہاں آج تین ہزار طلبہ زیرتعلیم ہیں۔ 1901 میں قائم ہونے والے اسلامیہ ہائی اسکول چنیوٹ سے بھی کئی نمایاں شخصیات نے تعلیم حاصل کی۔
مزید پڑھیں:باب المندب کے قریب سے یمنی فورسز کا انخلاء، حوثیوں کا علاقے پر کنٹرول
انہیں امید ہے کہ فاسٹ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ مستقبل میں ملک کی ترقی اور خدمت میں اہم کردار ادا کریں گے۔












اتوار 15 نومبر 2026 