لاہور: جرمن امپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) لاہور کا دورہ کیا، جہاں پاکستان اور جرمنی کے درمیان ٹیکسٹائل تجارت، سرمایہ کاری اور پائیدار صنعتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر کہا گیا کہ عالمی سپلائی چین میں تبدیلیوں کے تناظر میں پاکستان یورپی منڈیوں کے لیے قابلِ اعتماد ٹیکسٹائل سورسنگ مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ جرمن حکومت کی معاونت سے کام کرنے والی تنظیم وی ایف آئی 300 سے زائد کمپنیوں کی نمائندگی کرتی ہے اور پاکستانی برآمد کنندگان اور جرمن درآمد کنندگان کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
پاکستان کو جی ایس پی پلس کی سہولت حاصل ہونے کے باعث یورپی منڈیوں تک ترجیحی رسائی حاصل ہے۔ 2013ء سے یورپی یونین کو پاکستانی برآمدات میں 73 فیصد جبکہ جرمنی کو برآمدات میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اس موقع پر محنت کشوں کے حقوق، انسانی حقوق، ماحولیاتی تحفظ اور عالمی معیار کی پابندیوں کو بہتر بنا کر یورپی منڈی میں پاکستان کی مسابقت بڑھانے پر زور دیا گیا۔
مزید پڑھیں:ایران جنگ جھوٹ پر مبنی ہے: امریکی سینیٹر کا پروگرام میں اظہار خیال
اپٹما کی جانب سے پائیدار پیداوار، آرگینک کاٹن، ری سائیکلڈ پالئیےسٹر اور صاف پیداواری طریقوں کے فروغ کو بھی اہم قرار دیا گیا۔ شرکا نے اس رابطے کو عملی تجارتی شراکت داری، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔













جمعہ 20 نومبر 2026 
