جے پور: بھارت کی ریاست راجستھان میں منعقد ہونے والا پشکر کا مشہور مویشی میلہ اختتام پذیر ہو چکا ہے، تاہم اس میلے میں شریک محض دو فٹ قد کی ایک منفرد بھینس ’پنکی‘ اپنی غیر معمولی جسامت کے باعث تاحال سوشل میڈیا اور خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 نومبر کو ختم ہونے والے پشکر میلے میں جہاں عام طور پر دیوہیکل جسامت کے مویشی توجہ حاصل کرتے ہیں، وہیں تین سالہ پستہ قد بھینس پنکی نے میلے میں آنے والے ہزاروں مقامی و غیر ملکی سیاحوں کو حیران کر دیا۔ پنکی کو اس کے مالک اور مویشیوں کے شوقین سہیل شکیل ریاست مہاراشٹر کے شہر تھانے سے تقریباً 1100 کلومیٹر کا طویل سفر طے کر کے راجستھان لائے تھے۔
میلے کے دوران بچے ہوں یا بڑے، ہر کوئی اس ننھی بھینس کو قریب سے دیکھنے اور اس کے ساتھ تصاویر و سیلفیاں بنوانے کے لیے بے تاب نظر آیا۔ میلے کے اختتام کے بعد بھی پنکی کی دلچسپ ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ پنکی صرف اپنے چھوٹے قد ہی نہیں بلکہ اپنی ہوشربا قیمت کی وجہ سے بھی موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے، اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں اس کی اندازاً قیمت 20 لاکھ سے ایک کروڑ بھارتی روپے کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔













بدھ 25 نومبر 2026 
