Pakistan in Space - Ammi's Last Instructions

آریان خان سے محبت کی افواہوں پر لاریسا بونسی نے خاموشی توڑ دی

Calender Icon جمعہ 27 نومبر 2026

بولی ووڈ میگا اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے اور فلم ساز آریان خان(Aryan Khan) کے ساتھ مبینہ تعلقات کی خبروں کے باعث توجہ حاصل کرنے والی برازیلی ماڈل و اداکارہ لاریسا بونسی نے پہلی مرتبہ ان کے بارے میں کھل کر گفتگو کی ہے۔

ایک انٹرویو میں لاریسا نے آریان کی شخصیت، سوچ اور اپنے مقاصد کے لیے ان کی جدوجہد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آریان ایک ذہین اور پُرعزم انسان ہیں، جو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔ بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ آریان کے پاس پہلے ہی سب کچھ موجود ہے، لیکن وہ اس بات کی پروا کیے بغیر اپنی پسند کے کام اور مستقبل کے لیے محنت کر رہے ہیں۔

لاریسا کے مطابق آریان ان چیزوں کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جن پر انہیں یقین ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ ایک دن اپنی منزل ضرور حاصل کر لیں گے، کیونکہ ان کے ارادے مضبوط ہیں۔

اداکارہ نے خان خاندان کے ساتھ اپنے تعلق کو بھی خاص قرار دیا، تاہم انہوں نے آریان کے ساتھ رومانوی تعلقات کی خبروں کی نہ تو تصدیق کی اور نہ ہی ان کی تردید کی۔

لاریسا بونسی نے بولی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی شخصیت، کامیابی اور فلمی سفر کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ نمبر ون رہیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کی کامیابی صرف ان کی شہرت تک محدود نہیں بلکہ جس انداز میں انہوں نے اپنے کیریئر کو آگے بڑھایا، وہ بھی دوسروں کے لیے سیکھنے کا ذریعہ ہے۔

مزیدپڑھیں:3 دن کا ہنگامی سامان جمع کرنے کی اصل حقیقت سامنے آگئی

لاریسا نے مزید بتایا کہ وہ آریان خان کی ہدایت کاری میں کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ وہ ان کی پہلی ویب سیریز کے سیٹ پر بھی جا چکی ہیں اور ان کے کام کرنے کے انداز سے متاثر ہیں۔ ان کے مطابق آریان جیسے باصلاحیت فلم ساز کی ہدایت کاری میں کام کرنا ان کے لیے خوشی کی بات ہوگی۔

31 سالہ لاریسا بونسی کا تعلق برازیل سے ہے اور وہ تقریباً 16 سال قبل کام کی تلاش میں بھارت منتقل ہوئی تھیں۔ ابتدا میں ممبئی ان کے لیے ایک نیا شہر تھا، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ انہوں نے اسے اپنا گھر بنا لیا۔ بھارتی تفریحی صنعت میں جگہ بنانے کے دوران انہیں کئی مشکلات اور اتار چڑھاؤ کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

اداکارہ کے مطابق کسی دوسرے ملک سے آکر بھارتی فلمی صنعت میں اپنی شناخت بنانا آسان نہیں تھا، تاہم وقت کے ساتھ انہوں نے یہاں کے ماحول کو سمجھا اور لوگوں کے درمیان اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے باقاعدہ کلاسز کے بجائے لوگوں سے بات چیت کرکے ہندی زبان سیکھی، حتیٰ کہ رکشہ ڈرائیوروں سے گفتگو بھی ان کے لیے زبان سیکھنے کا ذریعہ بنی۔

لاریسا بونسی ماڈلنگ کے ساتھ اداکاری کے شعبے میں بھی کام کر چکی ہیں۔ وہ فلم ’گو گوا گون‘ سمیت دیگر بھارتی فلموں میں مختصر کردار ادا کر چکی ہیں۔ اب وہ وکرم بھٹ کی آنے والی ہارر فلم ’1920: کولڈ ونٹر‘ میں نظر آئیں گی۔

لاریسا کا کہنا ہے کہ انہیں خوفناک فلمیں دیکھنے کا شوق ہے اور وہ اس فلم میں ملنے والے کردار کو اپنے لیے ایک اچھا موقع سمجھتی ہیں۔ ان کے مطابق وہ ’1920‘ سیریز کی تمام فلمیں دیکھ چکی ہیں اور انہیں یہ فلمیں دیکھ کر واقعی خوف محسوس ہوا تھا۔

دوسری جانب آریان خان نے اپنے والد شاہ رخ خان کے برعکس اداکاری کے بجائے فلم سازی اور ہدایت کاری کا راستہ اختیار کیا۔ وہ بطور مصنف اور ہدایت کار اپنی صلاحیتیں منوا رہے ہیں۔ ان کی پہلی ویب سیریز ’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘ 2025 میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی تھی، جس کے ذریعے انہوں نے ہدایت کاری کے میدان میں قدم رکھا۔

آریان اور لاریسا کے تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں 2024 سے جاری ہیں۔ دونوں کو مختلف مواقع پر ایک ساتھ دیکھے جانے کے بعد ان کے درمیان رومانوی تعلقات کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔ تاہم دونوں میں سے کسی نے بھی اب تک ان خبروں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔