سائنسدانوں نے کم کیلوریز کیساتھ انسولین نہ بڑھانے والی قدرتی شکر تیار کرلی

Calender Icon ہفتہ 17 جنوری 2026

سائنسدانوں نے ایک نئی قسم کی قدرتی شکر تیار کرنے کا مؤثر طریقہ دریافت کر لیا ہے جو کم کیلوریز ہونے کے ساتھ ساتھ انسولین کی سطح میں تیزی سے اضافہ نہیں کرتی اور عام چینی جیسا ہی ذائقہ رکھتی ہے۔

یہ تحقیق امریکی یونیورسٹی ٹفٹس کے سائنسدانوں نے بائیوٹیک کمپنیوں کے اشتراک سے کی ہے۔ تحقیق کے نتائج سائنسی جریدے سیل رپورٹ فیزیکل سائنس (Cell Reports Physical Science) میں شائع ہوئے ہیں۔

نئی قسم کی شکر ٹاگاٹوز (Tagatose) کہلاتی ہے جو عام چینی کے مقابلے میں تقریباً 92 فیصد مٹھاس رکھتی ہے مگر اس میں کیلوریز صرف ایک تہائی ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ شکر خون میں گلوکوز کی سطح کو زیادہ نہیں بڑھاتی جس کی وجہ سے یہ ذیابیطس اور انسولین سینسیٹیویٹی کے شکار افراد کے لیے ایک بہتر متبادل بن سکتی ہے۔

ٹاگاٹوز قدرتی طور پر پھلوں اور دودھ میں بہت کم مقدار میں پایا جاتا ہے جس کے باعث اس کی کمرشل پیداوار محدود ہے تاہم سائنس دانوں نے ای کولی (E. coli) بیکٹیریا کو جینیاتی طور پر تبدیل کر کے انہیں ننھی فیکٹریوں میں بدل دیا ہے جو گلوکوز کو انتہائی مؤثر انداز میں ٹاگاٹوز میں تبدیل کرتے ہیں۔

اس طریقے سے 95 فیصد تک پیداوار حاصل کی گئی ہے جو موجودہ طریقوں سے کہیں زیادہ ہے۔

ماہرین کے مطابق ٹاگاٹوز دانتوں کے لیے بھی محفوظ ہے، نقصان دہ بیکٹیریا کی افزائش کم کرتی ہے اور بیکنگ میں بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ مزید بہتری کے بعد یہ طریقہ صحت بخش شکر کے وسیع استعمال کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔