ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی نمیبیا کے میچ کے دوران کپتان ڈگ آؤٹ میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اور مائیک ہیسن کے درمیان گرما گرمی دیکھنے میں آئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
وائرل ویڈیو میں وہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سے تلخ کلامی کرتے اور زمین پر بوتل پھینکتے دکھائی دیے۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ سلمان علی آغا اپنی وکٹ پر آؤٹ ہونے کے بعد جذباتی تھے، جبکہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن انہیں سمجھانے کی کوشش کر رہے تھے۔
اس پورے واقعے کے دوران بابراعظم بھی کافی سنجیدہ نظر آئے اور وہ کوچ – کپتان کے درمیان ہونے والی بحث کو خاموشی سے سن رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق سابق وکٹ کیپر کامران اکمل نے اس واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کپتان آؤٹ ہونے کے بعد افسردہ تھے اور کوچ ان سے بات کر رہے تھے۔
Pakistan captain Salman Agha and coach Mike Hesson involved in a heated argument — caught live on TV. 😳🏏#Pakistan #Cricket #SalmanAgha #MikeHesson #ViralMoment #T20WorldCup pic.twitter.com/BzWoAFcMh1
— ND Sport (@SportsByND) February 18, 2026
سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کا بھی وضاحت دیتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ تبادلۂ خیال صرف کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد ہو رہا تھا اور سلمان علی آغا نے کوچ کی بات غور سے سنی۔
یہ واقعہ ٹیم کی جذباتی کیفیت اور کپتان پر میچ کے دوران قیادت کے دباؤ کو اجاگر کرتا ہے، جس کا اثر ٹیم کی کارکردگی پر بھی پڑ سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کئی سوالات بھی اٹھنے لگے ہیں۔
گزشتہ چند برسوں میں پاکستان کرکٹ میں کئی ایسے واقعات سامنے آئے جب کوچ نے اپنی مدت کار کے دوران ہی اپنا عہدہ چھوڑ دیا، جس کی وجوہات کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے ساتھ تنازعات بتائی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دے کر ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں جگہ بنالی ہے۔












جمعرات 19 فروری 2026 