بابر اعظم کو ون ڈے اسکواڈ سے کیوں باہر نکالا؟ محمد یوسف برس پڑے

Calender Icon جمعرات 5 مارچ 2026

قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے اسٹار بیٹر بابراعظم کو بنگلا دیش کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے اسکواڈ سے باہر کرنے پر شدید حیرت اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

محمد یوسف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں شامل کرنا تو حیران کن تھا لیکن اب انہیں ون ڈے ٹیم سے باہر کرنا اگر صرف آرام دینے کا فیصلہ نہیں ہے تو یہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر ایسے غیر منطقی فیصلے کون کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ پی سی بی کا بابر اعظم کو ٹیم سے باہر رکھنے کا یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی، ٹیم کو آخری سپر ایٹ میچ میں سی لنکا کے خلاف 65 رنز کے مارجن سے کامیابی درکار تھی جو حاصل نہ ہو سکی۔

اگرچہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکے۔

انہوں نے 6 اننگز میں صرف 91 رنز بنائے، تاہم حالیہ ون ڈے سیریز میں ان کی فارم بہتر رہی تھی جہاں انہوں نے سری لنکا کے خلاف 3 میچوں کی سیریز میں 165 رنز اسکور کیے تھے، جن میں ان کے کیریئر کی 20 ویں ون ڈے سنچری بھی شامل تھی۔