ٹیم کا مورال بلند، شکستوں کے باوجود ماحول متاثر نہیں ہوا: صائم ایوب

Calender Icon ہفتہ 11 اپریل 2026

کرکٹر صائم ایوب نے کہا ہے کہ ٹیم کا مورال بلند ہے اور شکستوں کے باوجود ماحول متاثر نہیں ہوا۔

پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، تاہم ٹورنامنٹ میں حیدرآباد کنگز مین کو اب تک مشکلات کا سامنا ہے۔

حیدرآباد کنگز مین کے نوجوان اسٹار بیٹر صائم ایوب نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کا ماحول مثبت ہے اور کھلاڑی نتائج کے بجائے اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ خراب اسٹارٹ کے باوجود ڈریسنگ روم کا ماحول بہت اچھا ہے اور اس میں مزید بہتری آئی ہے۔

کرکٹر نے تسلیم کیا کہ ابتدائی میچز میں ٹیم سے غلطیاں ہوئیں، تاہم کھلاڑی ان غلطیوں کو دور کرنے پر کام کر رہے ہیں۔

صائم ایوب نے کہا کہ پچھلے 2 میچز جس طرح ہم ہارے، تو ایسا ہوتا ہے، کھلاڑیوں سے غلطیاں ہوتی ہیں، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ہر میچ میں جو غلطیاں ہو رہی ہیں، ان کو کم کریں اور بہتری لائیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کا مورال بلند ہے اور شکستوں کے باوجود ماحول متاثر نہیں ہوا۔

صائم ایوب نے کہا ہے کہ میچ میں ٹیم کی کارکردگی بہتر رہی اور آئندہ مزید بہتری کی امید ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لمحات ایسے ہوتے ہیں جہاں آپ ان لکی رہے اور میچ ہاتھ سے نکل گیا، مجھے لگتا ہے کہ یہی کلچ مومنٹس ہوتی ہیں جہاں آپ کو اچھا کرنا پڑتا ہے۔

صائم ایوب نے ٹورنامنٹ کی غیر یقینی صورتِ حال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پچھلے سال اسلام آباد نے پہلے 5 میچ جیتے اور آخری 5 ہارے، جبکہ لاہور کو آخری میچ تک پتہ نہیں تھا کہ وہ کوالیفائی کریں گے یا نہیں، لیکن وہ ٹورنامنٹ جیت گئے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم اپنی حکمتِ عملی پر قائم ہے اور نتائج کے بجائے عمل (پروسیس) پر توجہ دے رہی ہے۔

کوالیفکیشن کے امکانات سے متعلق سوال پر صائم ایوب نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم دوسری ٹیموں کے نتائج پر نظر رکھنے کے بجائے اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے اور ابھی 6 میچز باقی ہیں، ہم 6 کے 6 بھی جیت سکتے ہیں، نَتھنگ اِز امپوسیبل، ہم ون بائی ون میچ جیتنے کی کوشش کریں گے، رن ریٹ بعد میں دیکھیں گے۔

نوجوان بیٹر کا کہنا ہے کہ میں بس اپنی بیٹنگ پر فوکس کر رہا ہوں، میں اگر ناکام بھی ہو رہا ہوں تو اپنی مرضی کی بیٹنگ کرتے ہوئے ناکام ہو رہا ہوں۔

پی ایس ایل11 میں شائقین کے کردار پر بات کرتے ہوئے صائم ایوب نے کہا کہ کراؤڈ ٹورنامنٹ کی رونق بڑھاتا ہے اور اس کی کمی محسوس ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل ہمارے ملک کا ٹورنامنٹ ہے اور اس کی اصل ایکسائٹمنٹ کراؤڈ سے ہی ہوتی ہے، جب اسٹیڈیم فل ہوتے ہیں تو ایک الگ ماحول بنتا ہے اور کھیلنے کا مزہ بھی مختلف ہوتا ہے۔

صائم ایوب نے یہ بھی کہا ہے کہ آئندہ میچز میں شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت ملے گی جس سے ایونٹ کا جوش مزید بڑھ جائے گا۔