عوامی روابط پاک چین آہنی تعلقات کا مرکزی ستون ہیں، خلیل ہاشمی

Calender Icon اتوار 12 اپریل 2026

بیجنگ میں پاکستان کے سفارت خانے نے معروف ادارے(ciccc) چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر کے ساتھ مل کر چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار اسٹار گالا کا اہتمام کیا۔اس ثقافتی تقریب میں سفارتی برادری کے ارکان، تخلیقی صنعتوں سے وابستہ افراد، میڈیا اور کاروباری رہنما شریک ہوئے تاکہ پاک چین آہنی دوستی کا جشن منایا جا سکے جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔

بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب سے اپنے خطاب میں سفیر خلیل ہاشمی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان اور چین کے رہنماؤں اور سفارت کاروں کی کئی نسلوں نے باہمی اعتماد، باہمی احترام اور باہمی تعاون پر مبنی بین الریاستی شراکت داری کی ایک مثالی بنیاد قائم کی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی سطح پر روابط اس تعلق کا مرکزی ستون ہیں جبکہ ثقافتی تبادلے ہر موسم اور ہر صورتحال میں اس رشتے کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:طیب ایردوان پر تنقید: ترک قیادت نے اسرائیل کو آڑے ہاتھوں لے لیا

چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر کے ایگزیکٹو چیئرمین لانگ یو شیانگ نے چین پاکستان دوستی کی پائیدار مضبوطی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ثقافتی روابط اور تبادلے باہمی افہام و تفہیم اور تہذیبی مکالمے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ شیانگ جیانگ گروپ کی صدر ژائی میئچنگ نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور ثقافتی و تخلیقی صنعتوں کے کردار پر زور دیا جو مختلف ثقافتوں اور عوام کے درمیان روابط کو فروغ دیتی ہیں۔

گالا میں مختلف ثقافتی پرفارمنس پیش کی گئیں جنہوں نے فنکارانہ مہارت اور ثقافتی ہم آہنگی کا شاندار مظاہرہ کیا۔تقریب کی ایک خاص جھلک معروف پاکستانی گلوکارہ نتاشا بیگ کی اردو اور چینی زبانوں میں دلکش پرفارمنس تھی، جن کے گیتوں نے اس جشن کو ایک منفرد ثقافتی رنگ دیا۔یہ تقریب پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے کا ایک اہم ثقافتی حصہ تھی۔ اس موقع نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ دونوں ممالک نہ صرف روایتی شعبوں میں بلکہ ثقافتی صنعتوں، میڈیا اور نوجوانوں کی شمولیت میں بھی اپنے تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔