عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں جلد سابقہ پوزیشن پر بحال ہو جائینگی، امریکی دعویٰ

Calender Icon بدھ 15 اپریل 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں اور ایران (iran)کے ساتھ جاری کشیدگی کے حوالے سے اہم بیان جاری کرتے ہوئے مستقبل میں بڑی کمی کا اشارہ دے دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو دیے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے پرامید انداز میں کہا کہ ان کے خیال میں ایران کے ساتھ جاری تنازع بہت جلد اپنے انجام کو پہنچ سکتا ہے جس کے بعد تیل کی قیمتیں دوبارہ اسی سطح پر آ جائیں گی جہاں وہ پہلے تھیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خطے کی صورتحال اور عالمی معیشت کے حوالے سے پرامید ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ جاری حالیہ کشیدگی جلد ختم ہونے کی توقع ہے اور اس تنازع کے حل ہوتے ہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں اپنی سابقہ پوزیشن پر بحال ہو جائیں گی۔

صدر ٹرمپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تیل کی قیمتوں کا اتار چڑھاؤ چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی ممکنہ ملاقات کی نوعیت یا اس کے نتائج کو تبدیل کرنے کا سبب نہیں بنے گا۔

مزید پڑھیں:ایران  کا سخت انتباہ: بحری ناکہ بندی جاری رہی تو خلیجی تجارت متاثر ہو سکتی ہے

انٹرویو کے دوران صدر ٹرمپ نے عالمی تجارتی معاملات پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ امریکہ میں اس وقت کوئی بھی چینی گاڑی موجود نہیں ہے تاہم چین اپنی پالیسیوں کے ذریعے یورپ کی آٹو انڈسٹری کے لیے شدید معاشی مشکلات پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے معاشی استحکام کے لیے اپنی انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی مارکیٹ میں توازن لانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں۔