راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم چیف آف ڈیفنس فورسز منیر (Asim Munir) کا تین روزہ کامیاب دورۂ ایران مکمل ہو گیا، جس کے دوران خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں خطے کی سکیورٹی صورتحال، پائیدار امن اور جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف دورۂ ترکیہ مکمل کرکے لاہور پہنچ گئے
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر سے بھی ملاقات کی، جہاں بدلتی ہوئی علاقائی سکیورٹی صورتحال اور کشیدگی میں کمی کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تمام ملاقاتوں میں مسائل کے پرامن حل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی روابط کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ پاکستان نے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ خطے کے تنازعات کا حل صرف مکالمے، سفارت کاری اور باہمی اعتماد کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے ایرانی قیادت اور عوام کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے صدر پاکستان، وزیراعظم اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
یہ دورہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔












ہفتہ 18 اپریل 2026 