صحت عامہ پہلی ترجیح، وزیراعظم کا ہیپاٹائٹس، ایڈز اورانسداد پولیو اقدامات تیز کرنے کا حکم

Calender Icon منگل 5 مئی 2026

اسلام آباد میں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت قومی صحت کے امور کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں صحت عامہ (public health care)کی صورتحال اور اہم امراض کے تدارک کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہر قیمتی جان کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس اور ایڈز جیسے امراض کی مکمل اسکریننگ کو یقینی بنایا جائے اور بروقت رپورٹنگ کے لیے مربوط نظام تشکیل دیا جائے تاکہ بیماریوں کی بروقت تشخیص اور مؤثر علاج ممکن ہو سکے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی مراکز کی تعداد 98 ہو چکی ہے، جسے ایک سال میں بڑھا کر 164 کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر آنے والے مسافروں کے لیے ایڈز اسکریننگ کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وائرل امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے آٹو ڈسیبل سرنج کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اور متعلقہ ادارے سرنج کے دوبارہ استعمال کا مکمل خاتمہ کریں۔ انہوں نے “وزیراعظم ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام” کو تیز کرنے اور اس کا پائلٹ مرحلہ جلد شروع کرنے کی بھی ہدایت دی۔

اجلاس میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری مہم پر بھی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ حالیہ مہم میں 98 فیصد کوریج حاصل کی گئی ہے اور ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی میں کمی آ رہی ہے، جو مثبت پیش رفت ہے۔

مزید پڑھیں:مغربی بنگال میں مودی کی بڑی سیاسی فتح، بی جے پی نے پہلی بار حکومت بنا لی

اجلاس میں وفاقی وزرا اور متعلقہ حکام نے شرکت کی اور صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات اور اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔