شادی صرف اُن افراد کو کرنی چاہیے جو ذہنی طور پر پختہ ہوں،ڈکی بھائی

Calender Icon بدھ 13 مئی 2026

معروف پاکستانی یوٹیوبر ڈکی بھائی(Ducky Bhai) نے اُن مردوں پر سخت تنقید کی ہے جو شادی کے فوراً بعد بیویوں کو طلاق دے دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شادی صرف اُن افراد کو کرنی چاہیے جو ذہنی طور پر پختہ ہوں، کیونکہ ناپختہ سوچ کے ساتھ رشتہ نبھانا ممکن نہیں ہوتا۔

اپنی اہلیہ عروب جتوئی کے ہمراہ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈکی بھائی نے کہا کہ اگر کسی شخص کا رشتہ نبھانے کا ارادہ ہی نہ ہو تو اسے کسی کی زندگی خراب نہیں کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی صورتحال اگر خواتین کی جانب سے ہو تو اس سے مرد کی زندگی بھی متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اکثر ایسا مرد جو بعد میں طلاق دیتا ہے، وہ شادی کے پہلے دن سے ہی جانتا ہوتا ہے کہ اسے یہ رشتہ نہیں نبھانا۔ انہوں نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو عورت رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ کرتی ہے وہ جذباتی طور پر پہلے ہی اس تعلق سے نکل چکی ہوتی ہے، اور کئی بار یہ فیصلہ شادی سے پہلے ہی ذہن میں بن چکا ہوتا ہے۔

ڈکی بھائی نے شادی شدہ جوڑوں کو مشورہ دیا کہ اپنے ازدواجی معاملات میں تیسرے فریق، خصوصاً والدین، کو شامل نہ کریں۔ ان کے مطابق مسائل کو سمجھداری اور برداشت کے ساتھ حل کرنا چاہیے کیونکہ خاندانوں کی مداخلت اکثر معاملات کو مزید خراب کر دیتی ہے۔

مزیدپڑھیں:فی تولہ سونا 1100 روپے سستا

انہوں نے اپنی اہلیہ عروب جتوئی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں وہ ان کا سب سے بڑا سہارا ثابت ہوئیں۔ ڈکی بھائی کے مطابق ایف آئی اے کی گرفتاری جیسے کڑے مرحلے میں بھی عروب جتوئی نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ثابت قدم رہیں۔

واضح رہے کہ ڈکی بھائی پاکستان کے مقبول ترین فیملی وی لاگرز میں شمار ہوتے ہیں اور ان کے یوٹیوب چینل پر ایک کروڑ سے زائد سبسکرائبرز موجود ہیں۔