مونی رائے کی علیحدگی پر دیشا پٹانی سے متعلق افواہیں گردش کرنے لگیں

Calender Icon ہفتہ 16 مئی 2026

بالی ووڈ اداکارہ دیشا پٹانی(Disha Patani) ایک نئی سوشل میڈیا تنازع کا شکار ہو گئی ہیں، جہاں اداکارہ مونی رائے اور ان کے سابق شوہر سورج نمبیار کی علیحدگی کے بعد انہیں غیر متوقع تنقید اور الزامات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مونی رائے اور سورج نمبیار نے حال ہی میں اپنی علیحدگی کا باضابطہ اعلان کیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں گردش کرنے لگیں۔ جوڑے نے مشترکہ بیان میں مداحوں اور میڈیا سے اپنی نجی زندگی کا احترام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ باہمی رضامندی اور احترام کے ساتھ اپنی راہیں جدا کر رہے ہیں۔

طلاق کے اعلان کے فوراً بعد مونی رائے نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کمنٹ سیکشن محدود کر دیا جبکہ پرانے تبصرے بھی پوشیدہ کر دیے، تاہم اس اقدام کے باوجود سوشل میڈیا صارفین نے مختلف قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔

مزیدپڑھیں:نجی ایئرلائن کی پرواز کا انجن پرندے سے متاثر، تکنیکی جانچ شروع

اسی دوران متعدد صارفین نے دیشا پٹانی کو اس علیحدگی کا ذمہ دار قرار دینا شروع کر دیا۔ بعض سوشل میڈیا پوسٹس اور تبصروں میں دعویٰ کیا گیا کہ دیشا پٹانی کی قربت نے مونی رائے اور سورج نمبیار کے تعلقات پر منفی اثر ڈالا، تاہم ان الزامات کے حق میں تاحال کوئی مستند یا مصدقہ ثبوت سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب مونی رائے اور سورج نمبیار نے اپنے مشترکہ پیغام میں واضح کیا کہ ان کی ذاتی زندگی کو غیر ضروری سنسنی خیزی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دونوں کا کہنا تھا کہ وہ اس مشکل مرحلے کو نجی طور پر خوش اسلوبی سے مکمل کرنا چاہتے ہیں اور مستقبل میں دوستانہ تعلق برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

یاد رہے کہ مونی رائے اور سورج نمبیار نے 2022 میں شادی کی تھی اور ان کی علیحدگی کی خبر نے مداحوں کو حیران کر دیا۔ تاہم دیشا پٹانی کے خلاف گردش کرنے والے دعوے فی الحال صرف سوشل میڈیا قیاس آرائیوں تک محدود ہیں اور کسی بھی فریق کی جانب سے ان کی تصدیق نہیں کی گئی۔