اسپیشل اولمپکس پاکستان نیشنل گیمز: پنجاب نے ٹائٹل اپنے نام کر لیا

Calender Icon ہفتہ 16 مئی 2026

اسلام آباد (Islamabad) کے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ اسپیشل اولمپکس پاکستان نیشنل گیمز میں پنجاب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 12 گولڈ اور 13 سلور میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

تین روزہ مقابلوں میں سندھ نے 9 گولڈ اور 10 سلور میڈلز کے ساتھ دوسری جبکہ وفاقی ریجن نے 8 گولڈ اور 9 سلور میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اختتامی تقریب میں وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈی جی محی الدین احمد وانی سمیت دیگر حکام نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

مزید پڑھیں؛کنساس سٹی نے ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی کیسے حاصل کی؟

مختلف مقابلوں میں شاندار کارکردگی بھی دیکھنے میں آئی۔ 200 میٹر مینز فائنل میں سندھ کے احمد رجب نے گولڈ میڈل جیتا، جبکہ پنجاب کے محمد عادل خان نے سلور اور طیب وحید نے برانز حاصل کیا۔

800 میٹر لیول بی میں بلوچستان کے محمد جابر نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ویمنز 800 میٹر میں سندھ کی ثناء نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ شاٹ پٹ ایونٹ میں خیبرپختونخوا کے باسط علی نے شاندار تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا۔

ایونٹ کے دوران مختلف صوبوں کے کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔