حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے عرس پر 8 جون کو مقامی تعطیل کا اعلان

Calender Icon جمعرات 4 جون 2026

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) نے حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر 8 جون کو مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 22 ذوالحج 1447 ہجری بمطابق 8 جون کو مقامی تعطیل ہوگی۔ یہ فیصلہ سٹی کونسل کراچی کی منظور شدہ قرارداد کی روشنی میں کیا گیا ہے، جس کے تحت کے ایم سی کے زیر انتظام تمام دفاتر بند رہیں گے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ضروری اور ہنگامی خدمات انجام دینے والے ادارے اور دفاتر معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

کے ایم سی حکام کے مطابق مقامی تعطیل کی باقاعدہ منظوری مجاز اتھارٹی سے حاصل کی گئی ہے اور اس حوالے سے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ نوٹیفکیشن پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

مزیدپڑھیں:بلوچستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت، قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں

حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کا مزار کراچی کے اہم مذہبی اور تاریخی مقامات میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہر سال عرس کی تقریبات میں ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مند شرکت کرتے ہیں۔ عرس کے دوران مختلف مذہبی اور روحانی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں جبکہ زائرین کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے جاتے ہیں۔

شہری حلقوں نے مقامی تعطیل کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ عرس کی تقریبات پرامن ماحول میں منعقد ہوں گی اور زائرین کو تمام ضروری سہولیات میسر ہوں گی۔