وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے لیے معاشی اہداف اور پالیسی فریم ورک جاری کرتے ہوئے قومی بچت(National Savings)، سرمایہ کاری، شرح نمو اور روزگار کے نئے اہداف مقرر کر دیے ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے قومی بچت کا ہدف مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کے 14.3 فیصد مقرر کیا گیا ہے، جبکہ مجموعی سرمایہ کاری کو 15 فیصد تک لے جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس سے بچت اور سرمایہ کاری کے درمیان فرق میں کمی متوقع ہے، جسے محدود بیرونی مالیاتی آمدن سے پورا کرنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
پبلک سرمایہ کاری، جس میں حکومتی سرمایہ کاری بھی شامل ہے، کو جی ڈی پی کے 3.0 فیصد پر برقرار رکھنے کا ہدف رکھا گیا ہے، جبکہ نجی سرمایہ کاری کے 10.3 فیصد تک بڑھنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ معاشی پالیسی کے تحت مالی نظم و ضبط اور میکرو اکنامک استحکام کو ترجیح دی گئی ہے۔
حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے مہنگائی کا ہدف 8.2 فیصد مقرر کیا ہے، جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ مستحکم مالی پالیسی اور معاشی استحکام کے نتیجے میں حاصل کیا جائے گا۔
مزیدپڑھیں:گلگت بلتستان انتخابات: ضلع دیامر میں 119 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار
بیرونی شعبے کے حوالے سے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ درآمدی پابندیوں میں نرمی اور قرضوں کی ادائیگیوں کے باعث کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ سکتا ہے۔ تاہم ترسیلات زر میں متوقع اضافہ، برآمدات میں بہتری اور بیرونی مالی معاونت کے ذریعے ان دباؤ کو کم کرنے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔
سرکاری تخمینے کے مطابق مالی سال 2026-27 میں ملکی معیشت کی شرح نمو 4.0 فیصد رہنے کا امکان ہے، جو معاشی بہتری کے تسلسل کی نشاندہی کرتا ہے۔
شعبہ وار جائزے کے مطابق اجناس پیدا کرنے والے شعبے میں 3.9 فیصد ترقی متوقع ہے، جس کی بنیاد زراعت میں 3.8 فیصد اور بڑی صنعتوں میں 4.5 فیصد ترقی ہے۔ زراعت میں اہم فصلوں کی پیداوار میں 3.6 فیصد، کاٹن جننگ میں 2.5 فیصد جبکہ لائیو اسٹاک کے شعبے میں 3.9 فیصد اضافہ متوقع ہے۔
صنعتی شعبے میں 4.0 فیصد ترقی کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس میں کان کنی، تعمیرات اور توانائی کے شعبوں میں بہتری شامل ہے۔ خدمات کے شعبے میں 4.2 فیصد اضافہ متوقع ہے، جس میں ہول سیل و ریٹیل تجارت، ٹرانسپورٹ، مالی خدمات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں کی بہتر کارکردگی شامل ہوگی۔
حکومت نے آئندہ مالی سال میں سرمایہ کاری اور ترقی کے ذریعے تقریباً 20 لاکھ نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا ہے۔ حکام کے مطابق پبلک سرمایہ کاری میں اضافہ نجی سرمایہ کاری کے ممکنہ دباؤ کو متوازن کرے گا، جس سے مجموعی طور پر روزگار کے مواقع میں اضافہ متوقع ہے۔












ہفتہ 6 جون 2026 