کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے شرپسند وں کی فائرنگ، 4 سیکیورٹی اہلکار شہید، 20 سے زائد زخمی

Calender Icon پیر 8 جون 2026

آزاد جموں و کشمیر پولیس (AJK Police)کے مطابق کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید جبکہ 20 سے زائد سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔

آئی جی آزاد کشمیر نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلح عناصر نے احتجاج کے نام پر جمع ہو کر قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق یہ واقعہ کسی پرامن سیاسی احتجاج کا تسلسل نہیں بلکہ ایک منظم دہشت گردانہ کارروائی ہے۔

آئی جی آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ طبی مرکز کو بھی نشانہ بنایا، جبکہ سی ایم ایچ راولاکوٹ پر حملہ شہریوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلح جتھے کو آزاد کشمیر کے امن اور شہریوں کی سلامتی کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آئی جی نے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر پولیس شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

مزید پڑھیں:جی بی اے 4 نگر1، پیپلز پارٹی کے علی اختر 7670 ووٹ لیکر کامیاب

آئی جی آزاد کشمیر کے مطابق زخمی اہلکاروں کے علاج معالجے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاستی رٹ، امن اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور قانون اپنا راستہ ضرور لے گا۔