اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق (sardar ayaz sadiq)سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات میں صوبائی وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس سلیم خان کھوسہ بھی شریک تھے۔ملاقات کے دوران وفاق اور صوبہ بلوچستان کے درمیان روابط، باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور صوبے کی مجموعی ترقی سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفاق اور بلوچستان کے درمیان مؤثر رابطوں، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور قومی استحکام میں کلیدی اہمیت کا حامل صوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے، ترقیاتی ترجیحات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے اور عوامی مسائل کے پائیدار حل کیلئے وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان مسلسل رابطہ اور تعاون ناگزیر ہے۔
ملاقات میں شرکاء نے جمہوری اداروں کے استحکام، پارلیمانی روایات کے فروغ، بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قومی مفاد کے تحفظ اور عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے بلوچستان میں امن، استحکام، ترقی اور عوامی خدمت کے لیے صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کی پائیدار ترقی اور خوشحالی نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضامن ہے۔
مزید پڑھیں:ضلع ژوب میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے بلوچستان کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کی دلچسپی اور تعاون کو سراہتے ہوئے وفاق اور صوبے کے درمیان مثبت اشتراکِ عمل کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔












منگل 9 جون 2026 