فیفا ورلڈکپ: ایران نے امریکا میں میچز کھیلنے کیلیے نئی شرط رکھ دی

Calender Icon جمعہ 12 جون 2026

فیفا ورلڈکپ(Fifa World Cup) 2026 میں ایران نے امریکا میں میچز کھیلنے کیلیے نئی شرط رکھ دی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے خبردار کیا ہے کہ فٹبال ورلڈکپ میں اگر متنازع جھنڈے لہرائے یا ایرانی ٹیم کیخلاف نعرے بازی کی گئی تو میچ روک دیا جائے گا۔

ایران کے وزیر کھیل احمد دونیا مالی کا کہنا ہے کہ ہم نے فیفا کو اس حوالے سے مطلع کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ مصر کے خلاف میچ کے دوران اسٹیڈیم میں کوئی خلل ڈالنے والا واقعہ پیش نہیں آئے گا۔

واضح رہے کہ اپریل میں وینکوور میں فیفا کانگریس کے دوران مظاہرین نے ایران پر ٹورنامنٹ سے پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

مزیدپڑھیں:معروف اداکارہ نے عامر خان کے بھائی کے ساتھ شادی اور تشدد کا انکشاف کردیا

مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ ٹیم ایرانی عوام کی بجائے ایرانی پاسداران انقلاب کی نمائندگی کرتی ہے۔

ایرانی ٹیم کو دیگر چیلنجز کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے جس میں ایرانی شائقین کے لیے مختص ٹکٹس کچھ دن پہلے واپس لے لیے گئے۔

ایرانی ٹیم ان دنوں میکسیکو کے شہر تیجوانا میں تربیت کر رہی ہے اور اپنے میچ سے قبل ہی امریکا میں داخل ہو سکے گی اور میچ کھیلنے کے بعد اسے پھر میکسیکو واپس جانا پڑے گا۔

گروپ جی میں شامل ایران اپنی مہم کا آغاز 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گا۔

اس کے بعد اسی وینیو پر بیلجیم اور 26 جون کو سیاٹل میں مصر سے مقابلہ ہوگا۔