ملتان ،غربت کا المیہ، باپ کفن کے پیسے نہ ہونے پر بیٹے کی میت چادر میں قبرستان(Grave yard) لے آیا۔پولیس نے اپنی جیب سے کفن خرید کر تدفین کرائیافلاس کی انتہا، بیٹے کو بغیر کفن دفنانے کی کوشش۔
پولیس نے انسانیت کی مثال قائم کر دی ۔ غربت اور مالی بے بسی کی ایک دل دہلا دینے والی تصویر ملتان میں اس وقت سامنے آئی جب ایک مجبور باپ کفن خریدنے کی استطاعت نہ ہونے کے باعث اپنے جوان بیٹے کی میت صرف ایک چادر میں لپیٹ کر قبرستان لے آیا۔
پولیس کے مطابق رشید آباد قبرستان میں بغیر کفن تدفین کی اطلاع ملنے پر لوہاری گیٹ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ تحقیقات کے دوران متوفی دانش کے والد نے بتایا کہ شدید مالی مشکلات کے باعث وہ اپنے بیٹے کے کفن و دفن کے اخراجات بھی برداشت کرنے سے قاصر تھا۔
والد نے مجبوری کے عالم میں میت کو صرف ایک چادر میں لپیٹ کر سپردِ خاک کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکاروں نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ذاتی رقم سے کفن خرید کر فراہم کیا۔
بعد ازاں متوفی کی اسلامی طریقے کے مطابق تدفین کرائی گئی، جبکہ پولیس نے متاثرہ خاندان کی فوری مالی معاونت بھی کی اور تدفین کے تمام ضروری انتظامات مکمل کروائے۔
مزید پڑھیں:پیٹرولیم قیمتوں میں استحکام کیلئے خصوصی فنڈ قائم، نوٹیفکیشن جاری
پولیس کے اس اقدام کو شہریوں نے انسان دوستی اور سماجی ذمہ داری کی قابلِ تحسین مثال قرار دیا۔












پیر 29 جون 2026 