آئی فون 18 پرو کی خفیہ دستاویزات اور تصاویر ڈارک ویب پر لیک، ایپل میں کھلبلی

Calender Icon منگل 30 جون 2026

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے آئندہ آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس سے متعلق حساس دستاویزات، سپلائرز کی تفصیلات اور مبینہ تصاویر ڈارک ویب(Dark Web) پر لیک ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد کمپنی کی سپلائی چین کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ معلومات رینسم ویئر گروپ ورلڈ لیکس کی جانب سے بھارتی سپلائر ٹاٹا الیکٹرانکس سے چوری کیے گئے ڈیٹا کا حصہ ہیں۔

لیک ہونے والی فائلوں میں آئی فون 18 پرو کے سینکڑوں پرزوں، مین سرکٹ بورڈ، بیٹری، کیمروں اور چپس بنانے والی کمپنیوں کی تفصیلات شامل ہیں، جنہیں ایپل اپنی انتہائی خفیہ معلومات میں شمار کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بعض دستاویزات پر ایپل کی “Confidential” مہر اور آئی فون 18 پرو سیریز کے اندرونی کوڈ نیم بھی درج ہیں، جبکہ 2026 کے اوائل میں ٹاٹا کے پلانٹ میں کیے گئے ڈراپ ٹیسٹ کے دوران استعمال ہونے والے مبینہ آئی فون 18 پرو ماڈلز کی تصاویر بھی لیک شدہ مواد میں شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس لیک سے نہ صرف ایپل اور ٹاٹا الیکٹرانکس کے درمیان اعتماد متاثر ہو سکتا ہے بلکہ حریف کمپنیوں، جعلی مصنوعات تیار کرنیوالوں اور دیگر سپلائرز کو بھی ایپل کی سپلائی چین سے متعلق اہم معلومات حاصل ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق ایپل نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ٹاٹا الیکٹرانکس کے ساتھ مل کر حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں۔

ٹاٹا نے تحقیقات کے دوران حساس سسٹمز تک داخلی رسائی محدود کر دی ہے اور فرانزک آڈٹ کے لیے ایک عالمی کنسلٹنسی کی خدمات بھی حاصل کر لی ہیں۔

مزید پڑھیں:آئی فون 18 پرو کب لانچ ہو رہا ہے ؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب میموری اور اسٹوریج چپس کی بڑھتی لاگت کے باعث ایپل بعض مصنوعات کی قیمتیں بڑھا چکا ہے جبکہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آنے والے مہینوں میں آئی فون کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔