صدر مملکت اور وزیراعظم کا لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کو خراج عقیدت پیش

Calender Icon منگل 7 جولائی 2026

صدر مملکت آصف علی زرداری(Asif Ali Zardari) اور وزیراعظم محمد شہبازشریف(Shehbaz Sharif) نے کارگل جنگ کے دوران وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں شہید کی بے مثال بہادری، جرأت اور قربانی کو سلام عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم آج کارگل جنگ کے عظیم ہیرو حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کی جرأت اور عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لالک جان شہید نے شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے حملے روکے اور مادرِ وطن کے دفاع کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، شہید کی بہادری اور حب الوطنی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، شہید کی قربانی آئندہ نسلوں کے لئے جرأت و عزم کی روشن مثال ہے۔

مزیدپڑھیں:کارگل جنگ کے ہیرو حوالدار لالک جان کا آج 27 واں یوم شہادت

صدرِ مملکت نے کہا کہ ہم اپنے بہادر سپوت لالک جان شہید کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، قوم کو اپنے عظیم سپوت لالک جان شہید کی قربانی پر فخر ہے، شہید کی قربانی پاکستان کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور وطن کی خاطر عظیم قربانی دی، دشمن کے حملے حوالدار لالک جان شہید کے حوصلے پست نہ کر سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کی بہادری، شجاعت اور فرض شناسی نسل نو کیلئے ایک قابل تقلید مثال ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، افواج پاکستان کے شہداء اور ان کے اہل خانہ مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہیں، وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔