تیسرے بچے کی پیدائش پر بھی ایک سال کی چھٹی، سرکاری ملازم خواتین کے لیے بڑا فیصلہ

Calender Icon جمعرات 20 اگست 2026

بھارتی ریاست تمل ناڈو (Tamil Nadu)میں سرکاری ملازم خواتین کے لیے زچگی کی چھٹی سے متعلق اہم فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں تیسرے بچے کی پیدائش پر بھی ایک سال یعنی 365 دن کی چھٹی دینے کا اعلان کردیا گیا۔

ریاستی حکومت کے مطابق تیسرے بچے کی پیدائش پر خواتین سرکاری ملازمین کو ملنے والی زچگی کی چھٹی 12 ہفتوں سے بڑھا کر 365 دن کردی جائے گی۔ یوں تیسرے بچے کے لیے بھی وہی مدت مقرر ہوگی جو پہلے 3 بچوں کی پیدائش پر دی جاتی ہے۔


فی الحال تمل ناڈو میں ایسی سرکاری ملازم خواتین جن کے 2 سے کم بچے زندہ ہوں، انہیں 365 دن کی زچگی کی چھٹی دی جاتی ہے، جبکہ 2 یا اس سے زیادہ زندہ بچوں والی خواتین کو زیادہ سے زیادہ 12 ہفتوں کی چھٹی ملتی ہے۔

مزیدپڑھیں:ایک ہی کمپنی کے اسٹاک یا شیئرز میں ساری جمع پونجی لگا دینا خطرناک کیوں ہے؟

ریاستی اسمبلی میں اپنے محکمے کے مطالباتِ زر پر بحث کے دوران وزیر برائے انسانی وسائل انتظامیہ ڈی سرتھ کمار نے اعلان کیا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور سماجی بہبود کو ترجیح دینے کی پالیسی کے تحت تیسرے بچے کی پیدائش پر بھی زچگی کی چھٹی 12 ہفتوں سے بڑھا کر ایک سال کرنے جارہی ہے۔

تمل ناڈو میں زچگی کی چھٹی کا دورانیہ گزشتہ برسوں کے دوران بتدریج بڑھایا گیا۔ 90 دن کی چھٹی کو 2011 میں چھ ماہ، 2016 میں نو ماہ اور جولائی 2021 میں بڑھا کر 365 دن کیا گیا تھا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اعلان پر عمل درآمد کے لیے جلد باقاعدہ سرکاری حکم نامہ جاری کیا جائے گا۔