چین کی سب سے زیادہ مقروض پراپرٹی ڈویلپر کمپنی چائنا ایورگرینڈ(Evergreen) گروپ کے ارب پتی بانی ہوئی کایاَن کو چینی عدالت نے جمعرات کو عمر قید کی سزا سنادی، جبکہ ان کی تمام ذاتی جائیداد ضبط کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔
ہوئی کایاَن نے اپریل میں فنڈز کے غلط استعمال، فنڈ ریزنگ فراڈ اور عوام سے غیر قانونی طور پر رقوم جمع کرنے سمیت 8 الزامات میں جرم قبول کیا تھا۔
ایورگرینڈ کبھی چین کی صفِ اول کی پراپرٹی ڈویلپر کمپنی تھی، تاہم 2021 سے کمپنی نے اپنی تقریباً 300 ارب ڈالر کی واجبات میں سے زیادہ تر کی ادائیگیاں روک رکھی ہیں۔ کمپنی کا بحران چین کے پراپرٹی سیکٹر میں جاری اس طویل بحران کی علامت بن گیا ہے جس نے دنیا کی دوسری بڑی معیشت کی رفتار کو متاثر کیا ہے۔
ہوئی کایاَن کی سزا ان کے انتہائی کامیاب سفر کے اختتام کی علامت ہے، تاہم اس سے ایورگرینڈ کے ملکی اور غیر ملکی قرض دہندگان کو زیادہ ریلیف ملنے کا امکان نہیں۔
جنوبی شہر شین ژین کی عدالت نے ایک بیان میں کہا کہ ایورگرینڈ پر 8.82 ارب یوآن، یعنی تقریباً 1.31 ارب ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
کمپنی کی مرکزی ذیلی کمپنی ہینگڈا ریئل اسٹیٹ پر بھی 7 ارب یوآن جرمانہ عائد کیا گیا۔
عدالت نے کمپنی کے مزید 5 اعلیٰ عہدیداروں کو بھی سزائیں سنائیں، جن میں جرمانے اور 6 سے 18 سال تک قید کی سزائیں شامل ہیں۔













جمعرات 20 اگست 2026 

