عالمی منڈی میں بدھ کو خام تیل(Crude Oil) کی قیمتوں میں تقریباً 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد گزشتہ روز ہونے والے نقصانات میں مزید اضافہ ہوگیا، ایران کی جانب سے پڑوسی ملک عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے اعلان کے بعد سرمایہ کاروں میں اس اہم آبی گزرگاہ کے دوبارہ کھلنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔
برینٹ خام تیل کے مستقبل کے معاہدے کی قیمت 1.78 ڈالر، یعنی 2 فیصد کمی کے بعد 86.80 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 1.49 ڈالر، یعنی 1.8 فیصد کمی کے ساتھ 80.87 ڈالر فی بیرل پر آگیا، دونوں بینچ مارک قیمتوں میں منگل کو بھی 3 فیصد سے زیادہ کمی ہوئی تھی۔
فوجیتومی سیکیورٹیز کے تجزیہ کار میتسورو مورائیشی کے مطابق مارکیٹ اب بھی آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت سے متعلق پیش رفت پر ردعمل دے رہی ہے، ایران اور عمان کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت کی امید نے تیل کی قیمتوں پر دباؤ ڈالا ہے۔
ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو منظم کرنے کے لیے کئی ہفتوں سے وقفے وقفے سے مذاکرات جاری ہیں، جنگ شروع ہونے سے قبل دنیا کی تقریباً پانچواں حصہ تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل اسی آبی گزرگاہ سے ہوتی تھی۔
دونوں ممالک نے منگل کو بتایا کہ انہوں نے آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے ایک ’’عارضی مشترکہ بحری راہداری‘‘ پر بات چیت کی اور آبنائے کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
دوسری جانب امریکا نے مشرق وسطیٰ میں بعض سفارتی مشنز کے لیے عملہ واپس بھیجنا شروع کردیا ہے، جنہیں ایران کے ساتھ کشیدگی کے دوران خالی یا محدود کردیا گیا تھا، اس پیش رفت سے عندیہ ملتا ہے کہ واشنگٹن کو مستقبل قریب میں ایران کے ساتھ تنازع مزید بڑھنے کا خطرہ نسبتاً کم محسوس ہورہا ہے تاہم بعض سفارت خانے ابتدا میں محدود عملے کے ساتھ کام کریں گے۔
امریکا نے پیر کو ایران پر مزید پابندیاں بھی عائد کیں، جن کا مقصد تہران کی اقتصادی آمدنی کے اہم ذرائع کو محدود کرنا ہے، واشنگٹن نے ان ممالک کو بھی کارروائی کی دھمکی دی ہے جو ایران کے ساتھ کاروبار جاری رکھیں گے، تاہم فوری طور پر جرمانے عائد نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ادھر منگل کو عمان کے شہر اش شیصہ کے قریب آبنائے ہرمز کے داخلی راستے سے تقریباً 9 بحری میل دور ایک آئل ٹینکر نامعلوم سمت سے آنے والے ایک پروجیکٹائل کی زد میں آیا اور اسے نقصان پہنچا، جس کے بعد جہاز کو سفر سے روک دیا گیا۔ برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے واقعے کی اطلاع دی۔
امریکا میں امریکن پٹرولیم انسٹی ٹیوٹ (API) کے اعداد و شمار کے مطابق 21 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران خام تیل کے ذخائر میں تقریباً 42 لاکھ بیرل اضافہ ہوا، رائٹرز کے سروے میں ماہرین نے اوسطاً صرف 6 لاکھ بیرل اضافے کی توقع ظاہر کی تھی۔
امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن (EIA) کے سرکاری اعداد و شمار بدھ کو جاری کیے جائیں گے، جنہیں عالمی تیل منڈی میں طلب اور رسد کی صورتحال کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔













بدھ 26 اگست 2026 

