کراچی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

Calender Icon اتوار 13 ستمبر 2026

شہر میں رینجرز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب دہشتگرد کو ہلاک کردیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق گلبائی شیرشاہ کے علاقے میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کی، اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک انتہائی مطلوب دہشتگرد مارا گیا۔

ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگرد کی شناخت قاری ضیا الرحمٰن عرف قاری سیف اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سے تھا۔ کارروائی کے بعد ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا۔

رینجرز ترجمان کے مطابق قاری سیف اللہ پاک فوج اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے کیمپوں پر متعدد حملوں میں مطلوب تھا۔

مزیدپڑھیں:ٹیسٹ کرکٹ میں بدترین رینکنگ، قومی ٹہم پہلی بار نویں نمبر پر آگئی

دہشتگرد نے 2006 میں فتنہ الخوارج کے گروہ میں شمولیت اختیار کی اور افغانستان میں دہشتگردی کی تربیت بھی حاصل کی تھی۔

ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگرد حال ہی میں افغانستان سے کراچی پہنچا تھا اور شہر میں دہشتگرد نیٹ ورک منظم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ قاری سیف اللہ حساس مقامات پر دہشتگرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی بھی کررہا تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا، جبکہ برآمد ہونے والے اسلحے اور بارود کی مزید جانچ کی جارہی ہے۔