خیبر پختونخوا میں فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیاں، صدر زرداری کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

Calender Icon جمعہ 18 ستمبر 2026

صدرِ مملکت آصف علی زرداری (Asif Ali Zardari) نے خیبر پختونخوا کے اضلاع شمالی وزیرستان اور ہنگو میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدرِ مملکت نے کارروائیوں کے دوران خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف عزم کو سراہا۔

شہید جوانوں کو خراجِ عقیدت

آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوت وطن کے دفاع، امن اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

مزیدپڑھیں:ہنگو اور شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن، وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کے عزم اور حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ ملک کے دفاع اور امن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

انہوں نے شہید جوانوں کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔