مدینہ منورہ میں حوثیوں کا پاورڈسٹری بیوشن اسٹیشن پر ڈرون حملہ شدید اشتعال انگیزی ہے،پاکستان

Calender Icon جمعہ 2 اکتوبر 2026

مدینہ منورہ(Madina) میں طیبہ پاور ڈسٹری بیوشن اسٹیشن پر حوثی ملیشیا کے حملے کی پاکستان نے شدید مذمت کردی۔ پاکستان نے سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

دفتر خارجہ نے مدینہ منورہ میں بجلی کی تنصیب پر حوثی ملیشیا کے حملے کو قابل مذمت اور شدید اشتعال انگیزی قرار دیا۔ ترجمان کے مطابق مسجد نبوی کو بجلی فراہم کرنے والے پاور اسٹیشن پر حملہ دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے رنج کا باعث ہے۔

بیان کے مطابق حرمین شریفین کے تقدس اور زائرین کے تحفظ کا ہر صورت احترام کیا جانا چاہیے۔ علاقائی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے غیر ذمہ دارانہ اقدامات فوری بند کیے جائیں۔

پاکستان نے برادر مملکت سعودی عرب کے ساتھ مکمل اور غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کیلئے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

مزیدپڑھیں:ایران کو درست فیصلہ کرنا ہوگا، ورنہ سنگین نتائج بھگتنا پڑسکتے ہیں، امریکی صدر

پاکستان نے حرمین شریفین کے تحفظ اور سعودی شہریوں و زائرین کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے سعودی عرب کی کوششوں میں بھرپور ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ ترجمان کے مطابق پاکستان خطے میں پائیدار امن و استحکام کے حصول کیلئے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ حوثیوں نے ایک اور ناپاک جسارت کی ہے، مکہ مکرمہ کے بعد مدینہ منورہ کو بھی نشانہ بناڈالا۔ مدینہ منورہ کے طیبہ گرڈ اسٹیشن پر ڈرون سے حملہ کیا گیا ۔ یہ وہی گرڈ اسٹیشن ہے جس سے مجسد نبوی میں بجلی فراہمی کی جاتی ہے۔

اتحادی افواج کے مطابق طیبہ پاور ڈسٹری بیوشن اسٹیشن پر حملے کے نتیجے میں ایک ٹرانسفارمر بند ہوگیا مگر بجلی کے مجموعی نظام پر کوئی اثر نہیں پڑا ۔