کرکٹ وکٹوریا کی ’ورک فرام اسٹیڈیم‘ کی پیشکش پر کاروباری حلقوں کا اعتراض

Calender Icon جمعہ 9 اکتوبر 2026

آسٹریلیا(Australia) میں کرکٹ کے شائقین کو دفتر کے بجائے اسٹیڈیم میں بیٹھ کر کام کرنے کی 16 ڈالر کی پیشکش نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

کاروباری رہنماؤں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس طرح کی سہولت سے ملازمین گھر سے کام کرنے کی آزادی کا ناجائز فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

کرکٹ وکٹوریہ نے میلبرن کے جنکشن اوول میں شائقین کے لیے ’ورک فرام دی شیلڈ‘ پیکج متعارف کرایا ہے جس کے تحت وہ شیفیلڈ شیلڈ کے میچ کے دوران لیپ ٹاپ کے ساتھ اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دفتری امور انجام دے سکتے ہیں۔

16 ڈالر کے اس پیکج میں فنکشن روم تک رسائی، وائی فائی اور مفت چائے یا کافی بھی شامل ہے۔ یہ ٹکٹ کی معمول کی قیمت سے صرف 6 ڈالر مہنگا ہے۔


تاہم آسٹریلوی صنعتی اور کاروباری تنظیموں نے اس اقدام پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

آسٹریلین انڈسٹری گروپ وکٹوریہ کے سربراہ ٹم پائپر کا کہنا ہے کہ گھر سے کام کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ ملازمین کھیلوں کے مقابلے دیکھنے چلے جائیں۔

ان کے مطابق ملازمین کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں جبکہ کرکٹ دیکھنے کے لیے سالانہ چھٹی لینا بہتر ہے۔

مزید پڑھیں:میکسیکو کی جیل میں ہنگامہ آرائی، افراد10 ہلاک اور 16 زخمی

وکٹورین چیمبر آف کامرس کی قائم مقام سربراہ امیلیا بٹسس نے بھی کہا کہ کرکٹ اور کام دونوں پوری توجہ کے مستحق ہیں اس لیے میچ دیکھنے کے خواہش مند افراد چھٹی کریں۔

دوسری جانب کرکٹ وکٹوریہ کے چیف ایگزیکٹو نک کمنز نے اس منصوبے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر لوگ گھر سے کام کرسکتے ہیں تو کرکٹ گراؤنڈ سے کیوں نہیں؟ ان کے مطابق یہ پیکج کام کے ساتھ براہ راست کرکٹ دیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

اس پیشکش کو سوشل میڈیا پر بھی بھرپور پذیرائی ملی جہاں اس نے ہزاروں لائکس، تبصروں اور شیئرز حاصل کیے۔

یہ سہولت جمعرات اور جمعہ کو وکٹوریہ اور جنوبی آسٹریلیا کے میچ کے دوران دستیاب ہے جبکہ مارچ میں بھی اس کی واپسی متوقع ہے۔

یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وکٹوریہ میں ملازمین کو ہفتے میں دو دن گھر سے کام کرنے کا قانونی حق دینے کی تجویز پر بھی بحث جاری ہے۔