امریکا کی ریاست آئیڈاہو نے فرنچ فرائز کی سب سے بڑی مقدار تیار کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کر لیا ہے۔ آلو کی پیداوار کے لیے مشہور اس ریاست میں آئیڈاہو پوٹیٹو کمیشن اور فوڈ چین ’اسپڈ ڈیڈی‘ نے مل کر تقریباً 668.6 کلو گرام تازہ فرنچ فرائز تیار کیے۔
یہ ریکارڈ بنانے کی کوشش شہر بوائز میں منعقدہ ’بوائز پوٹیٹو ڈیز‘ کے دوران کی گئی، جس کے نتیجے میں یہ اعزاز 8 سال بعد بھارت سے واپس امریکا آ گیا۔
اس بڑے کارنامے کے لیے تقریباً 771.1 کلو گرام آئیڈاہو آلو استعمال کیے گئے جبکہ چھ ڈیپ فرائیرز اور تقریباً 50 افراد نے تیاری کے عمل میں حصہ لیا۔
اس سے قبل فرنچ فرائز کی سب سے بڑی مقدار تیار کرنے کا ریکارڈ بھارت کے پاس تھا، جہاں 2018 میں تقریباً 658.9 کلو گرام فرنچ فرائز تیار کیے گئے تھے۔ آئیڈاہو نے پہلی مرتبہ 2014 میں یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
آئیڈاہو پوٹیٹو کمیشن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جیمی ہائیہم نے کہا کہ فرنچ فرائز کی سب سے بڑی مقدار تیار کرنے کا عالمی ریکارڈ آئیڈاہو ہی کے پاس ہونا چاہیے۔
مزید پڑھیں:تعلیمی اداروں میں کاربونیٹڈ مشروبات، انرجی ڈرنکس اور کاٹن کینڈی پر پابندی عائد
ان کے مطابق ریاست کو ہمیشہ یقین رہا ہے کہ آئیڈاہو کے آلو بہترین فرنچ فرائز بنانے کے لیے موزوں ہیں، اس لیے یہ اعزاز واپس لانے کا مقصد آلو کے کاشت کاروں اور اس صنعت سے وابستہ افراد کی خدمات کو بھی سراہنا ہے۔













منگل 13 اکتوبر 2026 

