یورپی ممالک(European Countries) جاتے ہوئے کتنی رقم کی ڈیکلریشن لازمی ہے؟ اگر زائد رقم چھپائی تو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، اہم قواعد سامنے آگئے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے ملازمت، ملاقات یا کسی اور مقصد کے لیے یورپی یونین جانے والے مسافروں کے لیے اہم ہدایت سامنے آگئی ہے۔
اگر کسی مسافر کے پاس 10 ہزار یورو یا اس سے زائد نقد رقم یا مقررہ حد کے مطابق دیگر مالیاتی اشیا موجود ہوں تو اسے یورپی یونین میں داخلے یا اخراج کے وقت کسٹمز حکام کو اس کی ڈیکلریشن لازمی دینا ہوگی۔
10ہزار یورو کی حد کیسے لاگو ہوگی؟
یورپی یونین کے قواعد کے تحت اگر مسافر کے پاس مختلف کرنسیوں اور قابلِ شمار اشیا کو ملا کر مجموعی طور پر 10 ہزار یورو یا اس سے زیادہ مالیت موجود ہو تو ڈیکلریشن ضروری ہوگی۔
یہ ڈیکلریشن اسی یورپی ممالک کے کسٹمز حکام کو جمع کرائی جائے گی جہاں سے مسافر یونین میں داخل ہو رہا ہو یا وہاں سے باہر جا رہا ہو۔
صرف نوٹ اور سکّے ہی نقد رقم نہیں
ان قواعد کے تحت نقد رقم سے مراد صرف موجودہ زیرِ گردش نوٹ اور سکے نہیں ہیں بلکہ بعض دیگر مالیاتی اشیا بھی اس میں شامل کی جاتی ہیں۔
ان میں ایسی پرانی کرنسی بھی شامل ہوسکتی ہے جو اب عام استعمال میں نہ ہو لیکن بینک اسے تبدیل کرنے کے لیے قبول کرتے ہوں۔
اس کے علاوہ حامل شخص کو ادائیگی کے قابل بعض مالیاتی دستاویزات بھی شمار ہوتی ہیں، جن میں ٹریولرز چیکس، ایسے دستخط شدہ چیکس جن پر رقم وصول کرنے والے کا نام درج نہ ہو، ادائیگی کے وعدہ نامے اور بعض منی آرڈرز شامل ہیں۔
سونے کے سکے اور سونے کی اینٹیں بھی شامل
یورپی یونین کے قواعد کے تحت مخصوص معیار پر پورا اترنے والا سونا بھی نقد رقم کے اعلان سے متعلق قواعد میں شامل ہے۔
ایسے سونے کے سکے جن میں سونے کی مقدار کم از کم 90 فیصد ہو جبکہ سونے کی اینٹیں، ڈلیاں یا ٹکڑے جن میں سونے کی مقدار کم از کم 99.5 فیصد ہو، مقررہ حد کا تعین کرتے وقت شمار کیے جاتے ہیں۔
مزیدپڑھیں:100 میگاواٹ شمسی توانائی پیدا کرنے کا منصوبہ کیا ہے؟
کرنسیوں اور اشیاء کی مالیت
اہم بات یہ ہے کہ 10 ہزار یورو کی حد کا تعین صرف ایک قسم کی رقم یا شے کی بنیاد پر نہیں کیا جاتا بلکہ مختلف کرنسیوں اور قابلِ شمار اشیا کی مجموعی مالیت دیکھی جاتی ہے۔
مثلاً کسی مسافر کے پاس 6 ہزار یورو نقد رقم کے ساتھ مقررہ معیار کے 4 ہزار یورو مالیت کے سونے کے سکے موجود ہوں تو دونوں کی مجموعی مالیت 10 ہزار یورو بنتی ہے اور اس صورت میں ڈیکلریشن دینا ضروری ہوگا۔
سفر میں حد ہر مسافر کے لیے الگ
گروپ یا خاندان کی صورت میں سفر کرنے والے افراد کے لیے 10 ہزار یورو کی حد مجموعی طور پر پورے گروپ پر لاگو نہیں ہوتی بلکہ ہر مسافر کے لیے الگ دیکھی جاتی ہے، تاہم ہر فرد کو اپنے پاس موجود قابلِ اعلان رقم اور اشیا سے متعلق قواعد کی پابندی کرنا ہوگی۔
معلومات چھپانے پر رقم روکی جاسکتی ہے
متعلقہ حکام کو ڈیکلریشن جمع نہ کرانے، غلط معلومات فراہم کرنے یا نامکمل تفصیلات دینے کی صورت میں رقم یا دیگر قابلِ اعلان اشیا روکی جاسکتی ہیں، اس کے علاوہ متعلقہ یورپی ملک کے قوانین کے تحت جرمانہ بھی عائد ہوسکتا ہے۔
10ہزار یورو سے کم رقم پر بھی کارروائی ممکن
حکام کو اگر کسی رقم یا مالیاتی اشیا کے مجرمانہ سرگرمی سے تعلق کا شبہ یا اس حوالے سے شواہد ملیں تو 10 ہزار یورو سے کم رقم ہونے کی صورت میں بھی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
لہٰذا یورپی یونین کا سفر کرنے والے افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ روانگی سے قبل اپنے پاس موجود نقد رقم، سونے اور دیگر قابلِ شمار مالیاتی اشیا کی مالیت کا جائزہ لے لیں اور مقررہ حد پوری ہونے کی صورت میں کسٹمز حکام کو درست اور مکمل معلومات فراہم کریں۔
اہم مشورہ :
سفر سے پہلے متعلقہ کسٹمز کے قواعد معلوم کریں، رقم کے جائز ذریعے اور استعمال سے متعلق ثبوت ساتھ رکھیں، اور مقررہ یورپی یونین کیش ڈیکلریشن فارم مکمل کریں جو درج ذیل لنک پر دستیاب ہے۔
https://eur-lex.europa.eu/legal-content/EN/TXT/?uri=CELEX:02021R0776-20210512#anx_I
کسی دوسرے شخص کی رقم لے جا رہے ہوں تو اس کی ملکیت اور مقصد کی درست تفصیلات ضرور معلوم کریں۔
یاد رکھیں !! یورپی یونین کے رکن ممالک کے درمیان سفر کے دوران بھی بعض ممالک کے اپنے قومی قواعد لاگو ہوتے ہیں؛ روانگی، منزل اور راستے کے متعلقہ ممالک سے تصدیق کریں۔
مزید تفصیلات درج ذیل لنک پر موجودہیں:
https://europa.eu/…/carry/carrying-cash/index_en.htm













جمعرات 29 اکتوبر 2026 

